• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستان کا روشن مستقبل ’’حماد صافی‘‘

پاکستان کا روشن مستقبل ’’حماد صافی‘‘

ان دنوں پاکستان کے ننھے پروفیسر حماد صافی کےچرچے دنیا بھرمیں ہورہےہیں،کہیں یونیورسٹیوں میں ان کے لیکچرز کی دھوم ہے تو کہیں یوٹیوب پر لاکھوں سبسکرائبرز (Subscribers) ان کے فین ہیں۔ دنیا میں ایسے بہت سے لوگ ہوں گےجو کم عمری میں کامیابی کی منازل طے کرجاتے ہیں لیکن بے تحاشا کامیابیاں سمیٹنے والےبچےیقیناً کم ہی ہوں گے۔ اگر حماد صافی کی ویڈیوز دیکھیں، ان کے لیکچرز یا گفتگو سنیں تو انھیں بچہ کہنا آپ کے لیے بھی خاصا مشکل ہوجائےگا۔ بھرپورٹیلنٹ کا حامل 10سالہ حماد پانچویں جماعت کا طالب علم ہے۔ قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کا یہ ننھا پروفیسر پشتو کے علاوہ اردو اور انگریزی زبان پر مکمل عبور رکھتا ہے۔ ان زبان پر عبور رکھنے کی وجہ سے حماد صافی مختلف جامعات میں ان زبانوں پر لیکچرزبھی دیتے ہیں اور صرف یہی نہیں، انتہائی کم عمر ہونے کے باوجود کمپیوٹر سے متعلق معلومات پر بھی لیکچرز دیتے ہیں۔ لیکچرز کے انعقاد کے لیےتمام نجی و سرکاری ادارے حماد صافی کو باقاعدہ دعوت نامے بھیجتے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل حماد صافی ایک روایتی اسکول میں پڑھ رہا تھا، ساتھ ہی یونیورسٹی میں انگلش کی کلاسزمیں داخلہ لےلیا اور جلد ہی اپنی صلاحیتوں کی بدولت سب کی توجہ حاصل کرلی۔ بعد ازاں اس نے اسکول چھوڑ کر انگلش کی تعلیم جاری رکھی۔ یہ ننھا پروفیسر اب مختلف یونیورسٹیوں میں حوصلہ افزائی کرنے والے لیکچرز دیتا ہے۔

حماد صافی پیشہ کے اعتبار سے بزنس مین ہیں۔ ان کے والد اپنےذہین اور ہونہار بیٹے سے متعلق کہتے ہیں کہ،’’حماد ایک عام لڑکایا کوئی عام بچہ نہیں، لوگوں نے اس کے اندر کچھ دیکھا ہے اور مجھے فخر ہے کہ حماد میرا بیٹا ہے، میں بھی اس میں بڑی قابلیت اورصلاحیتیں دیکھ رہا ہوں، اسی لئے میں نے اس کے لئے خصوصی ٹیچر کا بندوبست بھی کیا ہے۔‘‘

جنگ نیوز

حماد صافی کے کمرے سے متعلق ان کے والد کا کہنا ہے کہ حماد کے کمرے میں کارٹون اور کھلاڑیوں کی تصاویر کے بجائےنامور شخصیات کےساتھ ان کی تصاویر موجود ہیں جبکہ علامہ اقبال، بل گیٹس اور البرٹ آئن اسٹائن کی تصاویر بھی دیواروں پر آویزاں ہیں۔

حماد صافی اپناتعار ف بلاگر ،موٹیویشنل اسپیکر ،گرافک ڈیزائنر اور امن کےسفیر کے طور پر کرواتے ہیں۔ وہ دوسرے بچوں کی طرح ڈاکٹر یا انجینئر بننے میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک سچا پاکستانی بنناپسندکرتےہیں۔ پاکستان سے محبت کا اظہار اور ایک سچے پاکستانی ہونے ثبوت حماد صافی اپنے لیکچرز میں دیتے رہتے ہیں۔

حماد صافی لیکچرز کے ساتھ ساتھ شاعری بھی کمال کی کرتے ہیں۔ شاعری سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ، ’’میں کوئی باقاعدہ شاعر نہیں مگر اپنے بڑوں کی نقل ضرور کرتا ہوں۔ مجھے نہیں معلوم الفاظ کا چناؤ کیسے کرتے ہیں مگر جب وطن عزیز کے نوجوانوں کی حالت دیکھتا ہوں تو الفاظ خود بخود ملنا شروع ہوجاتے ہیں۔‘‘

خوبصورت لفظوں کا چناؤ اورحماد صافی کا شاعری سے لگاؤ ان کے ایک انٹرویو کی یاد دلاتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پیغمبر اسلام ان کے رول ماڈل ہیں اور علامہ اقبال کا کلام جو درحقیقت قرآن و سنت کی پیروی ہے اس کو مشعل راہ بنا کر پاکستان میں تعلیمی انقلاب لائیں گے۔ حماد صافی بچپن میں ہی علامہ اقبال سے اتنے متاثر ہیں کہ ان کا کہنا ہے کہ اقبال جادوئی اور پر اسرار شخصیت کے مالک ہیں، اگر وہ نہ ہوتے تو ہم آج بھی انگریزوں کی غلامی کررہے ہوتے۔حماد صافی کا کہتے ہیں کہ علامہ اقبال شاہین کی اس لیے بات کرتے ہیں کیونکہ وہ اپنا رزق خود تلاش کرتا ہے، یہی وجہ ہےکہ میں نے بھی دن رات محنت کی کیونکہ پاک سرزمین ہمیشہ پاک لوگوں کو ہی اوپر آنے کا موقع دیتی ہے۔

صرف یہی نہیں، حماد صافی چھوٹی سی عمر میں ہی چینی سفیر سے ملاقات کرچکے ہیں۔ اس ملاقات میں جہاں چینی سفیر اورحماد صافی کے درمیان دوسرے امور پر بات ہوئی وہیں پاک چین تعلقات اور سی پیک پر بھی بات کی گئی۔

جنگ نیوز

کامیاب زندگی سے متعلق حمادصافی دوسرے طالب علموں کو تین چیزیں اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

۱۔سخت محنت اور جدوجہد: حماد صافی کہتے ہیں اگر آپ بھی کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو اس کا سب سے پہلا اصول سخت محنت اور جدوجہد ہے۔اگر ہم دن رات محنت کریں گے توہی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

۲۔ناکامی سے نہ ڈریں : حماد صافی کہتے ہیں ناکامی کامیابی کا ہی ایک حصہ ہے۔ اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو ناکامی سے نہ ڈریں اور بس محنت کرتے رہیں، ایک دن ایسا ضرور آئے گا کہ آپ کامیابی کی منازل چڑھتے چلے جائیں گے۔

۳۔ حماد صافی طالبعلموں کو محنت اور جدوجہد کے ساتھ ساتھ بلند سوچ اور اونچےخواب دیکھنے کا بھی مشورہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک آپ خواب نہیں دیکھیں گے تو آگے کیسے بڑھیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ذات، رنگ ونسل سے بالا تر ہوکر ہمیشہ اپنی سوچ بلند رکھیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین