• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی اے منی لانڈرنگ میں 28مزید مقدمات درج کرے گا

کراچی (امداد سومرو) منی لانڈرنگ کے خلاف ایف آئی اے کی طرف سے درج کئے گئے مقدمے اور اس کی تفتیش کی روشنی میں ایف آئی اے 28مذید مقدمات درج کرے گا۔ ایف آئی اے کے اہم زرائع نے بتایا کہ چھ جولائی کو اسٹیٹ بنک سرکل میں درج ہونے والے مقدمہ نمبر 4/2018بر خلاف طارق سلطان کے سمٹ بنک کے ایک اکاؤنٹ کی تفتیش میں پتہ چلا کہ اسی ضمن میں 29مذید اکاؤنٹ کھولے گئےاس طرح تفتیش کے مطابق دیگر 28ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کئے جائیں گے جن ملزمان کے خلاف مقدمات درج جائیں گے ان میں اکاؤنٹ ہولڈرز، سہولت کار اور فائدہ اٹھانے والے اصل افراد شامل ہیں۔ زرائع کے مطابق دو یا تین دن میں چار مقدمات درج کئے جائیں گے جبکہ اس کی تفتیش کی صورتحال اور شواہد حاصل کرکے مذید مقدمات درج کئے جائیں گے۔ ان 29 میں 16اکاؤنٹ سمٹ بنک، آٹھ سندھ بنک، اور پانچ یوبی ایل میں کھولے گئے ہیں، اسی معاملے میں سابق صدر آصف علی زرداری ان کی بہن فریال تالپوراور پانچ دیگر افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دئیے گئے ہیں کیونکہ ان پر الزام واضع ہوگیا ہے کہ ملزمان اربوں روپئےکی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں جبکہ عدالت پہلے ہی تین بنکوں کے سربراہوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال چکی ہے۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار نے اتوار کے دن مقدمات کی تفتیش میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے اور سات جعلی اکاؤنٹ ہولڈرز اور 13منی لانڈرنگ سے مستفید ہونے والے افراد کو 12 جولائی کو طلب کیا ہے، طلب کئے جانے والوں میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں۔ آئی جی پولیس سندھ کو سپریم کورٹ نے تمام افراد کی عدالت میں موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدائت دی ہے۔ منی لانڈرنگ سے مستفید ہونے والوں میں ناصر عبداللہ ، انصاری شوگر ملز، اومنی پولی میرپیکیجز، پاک ایتھونول پرائیویٹ لمیٹڈ، چیمبر شوگر ملز، اگرو فارٹھٹھہ، زرداری گروپ، پارتھینون پرائیویٹ لمیٹڈ، اے ون انٹرنیشنل ، لکی انٹرنشنل ، لاجسٹک ٹریڈنگ ، رائیل انٹرنیشنل ، اور امیر ایسوسی ایٹ شامل ہیں جن کے ناموں سے جعلی بنک اکاؤ نٹ کھولے گئے تھے۔ 
تازہ ترین