• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاملہ ہے، پروفیسر راجہ ظفر خان

ممتاز کشمیری ماہر تعلیم اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سفارتی شعبہ کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان، مرکزی چیف آرگنائزر صابر گل اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ ایک قوم کی آزادی کا عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔

وہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ لوٹن برانچ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس اجلاس کی صدارت صدر جے کے ایل ایف لوٹن ظفر جونیئر نے کی۔

اجلاس میں جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی جرات اور بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور انکی جانب سے عدالت میں جرات مندانہ موقف کہ "میں دہشتگرد نہیں آزادی پسند ہوں" کو سرہایا گیا۔ 

اجلاس نے کہا کہ یاسین ملک مقبول بٹ شہید کے سچے پیروکار ہیں اور عزم و ہمت کے ساتھ بھارتی مظالم کا سامنا کر کے تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ ایک عالمی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ اور  دو کروڑ انسانوں کا مستقبل اس سے وابستہ ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں اور سرگرم رہنما راجہ مجتبٰی اور طلحہ شبیر کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔ 

اجلاس میں 28 اپریل کو راولاکوٹ میں ہونے والے جے کے ایل ایف کے زونل کنونشن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور آئندہ آنے والی قیادت کو مکمل تائید و حمایت کی یقین دہانی کروائی گئی۔ 

علاوہ ازیں برطانیہ میں آباد کشمیری کمیونٹی کے نوجوانوں کو تحریک آزادی کشمیر میں شامل کرنے اور ان کی صلاحیتوں سے تحریک آزادی کشمیر کو مستفید کرنے کےلیے منظم حکمت عملی ترتیب دینے پر غور کیا گیا۔ 

واضح کیا گیا کہ اس وقت برطانیہ میں کشمیری نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد حصول روز گار و تعلیم کے لئے موجود ہے جن کو تحریک آزادی سے منسلک کرنا تحریک کے مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے۔ 

اس کے علاوہ برٹش کشمیری نوجوانوں کو بھی تحریک سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں سینئیر پارٹی رہنماؤں مہربان بٹ، ملک لیاقت، ملک تصدق، صوفی عارف، عبدالرحمان، خان حمید خان، جمیل قیوم اور اعتزا رفیق نے بھی خطاب کیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید