بریڈفورڈ ایسٹ کے علاقے باکر اینڈ میں قتل ہونے والے نوجوان لُقمان اشفاق کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کرائم اسٹاپرز کی جانب سے اس دلخراش واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری اور سزا کےلیے معلومات فراہم کرنے پر 20 ہزار پاؤنڈ تک انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
23 سالہ لُقمان اشفاق کو 21 اکتوبر 2024 کو رات ساڑھے 10 بجے کے قریب بارلو اسٹریٹ میں چاقو مار کر شدید زخمی کیا گیا تھا، بعد ازاں وہ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔
اب تک پولیس نے اس کیس میں مجموعی طور پر 19 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں 16 افراد کو قتل کے شبہ میں جبکہ 3 کو پُرتشدد ہنگامہ آرائی کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ تاہم تمام افراد کو مزید تحقیقات کےلیے ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق ہومی سائیڈ اور میجر انکوائری ٹیم اس کیس کی وسیع پیمانے پر تحقیقات کر رہی ہے جس میں سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل ڈیٹا، گواہوں کے بیانات اور گھر گھر تفتیش شامل ہیں۔
مقامی میڈیا کہ مطابق کرائم اسٹاپرز کی علاقائی منیجر جمّا گبز نے کہا ہے کہ لُقمان کی زندگی ایک ظالمانہ حملے میں چھین لی گئی۔ کرائم اسٹاپرز اس المیے میں انصاف کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم ہر اس فرد سے اپیل کرتے ہیں جس کے پاس معلومات ہوں کہ وہ آگے بڑھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرائم اسٹاپرز سے رابطہ مکمل طور پر گمنام ہوتا ہے، نہ کالز کا پتہ چلایا جاتا ہے اور نہ ہی آئی پی ایڈریس ٹریک کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ متاثرہ خاندان اور کمیونٹی انصاف کےلیے سراپا منتظر ہیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی بھی معلومات ہوں جو اس کیس کو حل کرنے میں مدد دے سکتی ہوں تو فوری طور پر کرائم اسٹاپرز سے رابطہ کریں یا ان کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن فارم پر تفصیل فراہم کریں۔