• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
لندن میں’صوفی نائٹ‘، سائرہ پیٹر رنگ جمادیا

برطانیہ میں مقیم پاکستان کی پہلی اوپرا صوفی سنگر سائرہ پیٹر نے لندن میں ’صوفی نائٹ‘ کے دوران سچل سرمست، بلھے شاہ ،شاہ عبداللطیف بھٹائی اور حضرت لعل شہبازقلندر کا صُوفیانہ اور عارفانہ کلام اپنی آواز میں پیش کرکے برطانوی شہریوں کو بھی جھومنے پر مجبور کردیا۔برطانیہ میں صُوفی میوزک کئی برسوں سے مختلف مذاہب اور قوموں کے افراد کے دلوں پر حکمرانی کررہا ہے۔

لندن کے آڈیٹوریم میں منعقدہ’صوفی نائٹ ود سائرہ پیٹر‘ سکھ، مسیحی، ہندو، مسلم، انگریز، بنگلہ دیش، سری لنکن اور دیگر ممالک و مذاہب سے تعلق رکھنے والے موسیقی کے دیوانوں نے شرکت کی۔

صوفی سنگر سائرہ پیٹر نے اس موقع پر برصغیر پاک و ہند کے اولیائے کرام کا لکھا ہوا عارفانہ اور صوفیانہ کلام پیش کرکے محفل میں رنگ جمادیا۔انہوں نے قلندری دھمال کو نئے انداز سے پیش کیا جسے سامعین نے بے حد پسند کیا۔

سائرہ پیٹر نے لندن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ’جنگ ‘ کوبتایا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پاکستانی ہوں اور اپنی آوازو موسیقی کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان کا نام روشن کرتی رہوں گی۔

صوفی میوزک کی برطانیہ میں بہت مانگ ہے۔ اس موسیقی کو وہ بھی شوق سے سنتے ہیں جن کو کلام کے بول سمجھ میں نہیں آتے لیکن سب جانتے ہیں کہ موسیقی کی کوئی زبان نہیں ہوتی، موسیقی میں اتنی قوت ہے کہ اس نے تمام قوموں کے سامعین کو اکٹھا کر رکھا ہے۔

سائرہ پیٹر نے مزید بتایا کہ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی جشن آزادی کے لیے خصوصی ملّی نغمہ تیار کررہی ہوں، جو سننے والوں کی سماعتوں میں رس گھولنے کے ساتھ حب الوطنی کے جذبوں میں بھی اضافہ کرے گا۔

تازہ ترین