• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم لندن کا وائٹ ہائوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

واشنگٹن( جنگ نیوز)ایم کیوایم لندن کےامریکا یونٹ کے زیراہتمام امریکی صدر کی رہائش گاہ وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس میں ضعیف العمربزرگوں، خواتین، نوجوانوں اوربچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان، ڈپٹی کنوینرقاسم علی رضا، ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ارکان شاہد مصطفیٰ، عدنان نقوی، عارف آجاکیہ، ایم کیوایم امریکا کے آرگنائزر ریحان عبادت، آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین، مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران و کارکنان، ہمدردوں اوران کے اہل خانہ شریک تھے۔احتجاجی مظاہرے کے شرکاء اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم کے پرچم، قائدتحریک کی تصاویر، پلے کارڈزاوربینرزاٹھارکھے تھے۔ پلے کارڈز اوربینرزپر پاکستان میں 25جولائی کوہونے والے الیکشن کے بائیکاٹ ، مہاجروں کے قتل عام، جبری گمشدگیوں، غیرقانونی چھاپوں، گرفتاریوںاور بانی کی میڈیاکوریج پر پابندی اورمہاجروں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے حوالے سے کلمات درج تھے ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء کاجوش وخروش اورفلک شگاف نعرے سیاحوں کی توجہ کامرکزبنارہا۔دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی نے گلشن اقبال کے علاقے میں قائدتحریک کے حق میں نعرے لگانے پر ایم کیوایم کے کارکنوں اصغر اورسلمان شیخ کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں کالعدم تنظیموںکوکھلے عام سرگرمیاں کرنے ،حتیٰ کہ الیکشن لڑنے تک کی آزادی ہے لیکن ایم کیوایم کے خلاف آپریشن کیاجارہاہے، ۔ رابطہ کمیٹی نے دونوںنوجوان کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سراسرظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ا ن گرفتاریوں کاسب سے قابل مذمت پہلو یہ ہے کہ ضمیرفروش عناصر خودنشاندہی کرکے کارکنوں کی گرفتاریاں کروارہے ہیں۔ کراچی کی طرح حیدرآبادمیں بھی یہی عمل کیاجارہاہے۔حیدرآباد سے بھی سابق جوائنٹ زونل انچارج اسرارشیخ کوبھی اسی طرح رینجرز نے گرفتارکیاہے جن کاتاحال کچھ پتہ نہیں ہے۔
تازہ ترین