• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’نیشنل ایکشن پلان پر پورے ملک میں بہت کم عمل ہوا‘‘

’’نیشنل ایکشن پلان پر پورے ملک میں بہت کم عمل ہوا‘‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو وسیع کرنا پڑے گا ، پورے ملک میں اس پر بہت کم عمل ہوا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک کاغذی منصوبہ تھا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن خوف کے ماحول میں لڑا جارہا ہے لیکن عراق اور افغانستان میں بھی ایسے ہی حالات میں الیکشن ہوئے، امیدہے انتخابات بروقت ہوں گے اور عوام ووٹ کی طاقت سے دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہباز شریف اور عمران خان کے ساتھ ان کے نظریاتی اختلافات ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد اگر پیپلز پارٹی کو کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کرنا پڑا تو دیکھیں گے کہ کون سی پارٹی ہمارے منشور کے قریب ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان دوسروں کے بارے میں بہت باتیں کرتے ہیں، لیکن عوام اب باتوں پر نہیں چلتے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر دن نئی چیز کہتے ہیں، ان کے یوٹرنز کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ احتساب کا قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور پیپلز پارٹی پہلے بھی احتساب کی بات کرچکی ہے۔انہوں نےکہا کہ پیپلز پارٹی کا عوام کے بنیادی مسائل پر فوکس ہے ۔بلاول نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25 جولائی کو پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب کروائیں۔

تازہ ترین