• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہاڑ گنج اور دیگرعلاقوں کے عوام پانی کی عدم فراہمی سے پریشان ہیں،حافظ نعیم

پہاڑ گنج اور دیگرعلاقوں کے عوام  پانی کی عدم فراہمی  سے پریشان ہیں،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر متحدہ مجلس عمل کراچی و حلقہ پی ایس 129کے نامزد ادمیدوار حافظ نعیم الرحمن نے واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس میں ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ سے ملاقات کی اور پہاڑ گنج یوسی 20اورنارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس اور نارتھ کراچی سیکٹر کے 7/ 3 ، 2، 1 d میں پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا ، ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، قاضی صدر الدین ،پبلک ایڈ کمیٹی کے عمران شاہداور شہزاد مظہر ، پہاڑ گنج یوسی 20کے وائس چیئرمین سلطان محمود ، سید شبیر کاکو اور دیگر بھی موجود تھے، حافظ نعیم الرحمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بتایا کہ پہاڑ گنج کے عوام پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہیں جس کے باعث پانی کے حصول کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اسی طرح نارتھ کراچی سیکٹر کے 7D,1اور7D,2میں تو پانی پہنچ جاتا ہے لیکن 7،3 ڈی کے علاقہ مکینوں کے لیے پانی کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں ہے ، انہوں نے بتا یا کہ پہاڑ گنج کے عوام اورنارتھ کراچی کے مختلف علاقوںاور سیکٹر 7Dمیں شدید بے چینی واضطراب پایا جاتا ہے ، ہم واٹر بورڈ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علاقہ مکینوں کو جلد از جلد اور ترجیحی بنیادوں پر پانی فراہم کرے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کی جائے تاکہ عوام کا مسئلہ حل ہوسکے ،سلطان محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہاڑ گنج کے عوام پانی کے لیے ترس رہے ہیں ان کے ساتھ پانی کی فراہمی میں ناانصافی کی جارہی ہے ۔ شہزاد مظہر نے بتایا کہ نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں اورسیکٹر 7D میں پانی نہ ہونے کے باوجود علاقہ مکین پانی کے بل ادا کرتے ہیں جبکہ نارتھ کراچی کے سیکٹر 7/D,3کے علاقہ مکینوں کو وال مینوں کی زیادتی اور غیرمنصفانہ تقسیم کے باعث پانی نہیں مل رہا ، ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے حافظ نعیم الرحمن سے کہا کہ شہرمیں اس وقت پانی کا شدید بحران ہے اس کے باوجود ہم پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ،جن علاقوں کی آپ نے نشاندہی کی ہے ان علاقوں میں جلد از جلد اور ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا ۔

تازہ ترین