اسلام آباد (بلال عباسی، خصوصی رپورٹ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی ڈاکٹر،جاوید ہاشمی اور مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کو نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ پیر کو نواز شریف کے ذاتی ڈاکٹر ڈاکٹر ادنان نے جیل انتظامیہ سے نواز شریف کے معائنے کی غرض سے ملاقات کی اجازت طلب کی تاہم انہیں اجازت نہ مل سکی۔ ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی نواز شریف سے ملاقات کیلئے اجازت طلب کی تاہم انہیں بھی اجازت نہ مل سکی۔ جاوید ہاشمی بھی نواز شریف سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تو انہیں گیٹ پر ہی روک دیا گیا جس پر جاوید ہاشمی نے سکیورٹی حکام سے کہا کہ میں تو خود اڈیالہ جیل کا باسی رہ چکا ہوں، مجھے نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاہم پھر بھی انہیں اجازت نہ مل سکی۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اتوار کو بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے لیکن جیل انتظامیہ نے انہیں روک دیا تھا۔