• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کو اپنی قومی زبان اور عربی پر دسترس ہونی چاہئے، مولانا حبیب الرحمٰن

بریڈفورڈ(پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے ناظم اعلیٰ مولانا حافظ حبیب الرحمن نے کہاہے کہ نوجوانوں کی دینی تربیت بہت ضروری ہے انہیں انگریزی کے ساتھ ساتھ اپنی قومی زبان اور اسلام کی سرکاری زبان عربی میں بھی کامل دسترس ہونی چاہیئے ۔کیونکہ کوئی قوم کسی دوسری زبان کواپناکرترقی نہیں کرسکتی اورمشرقی زبان ہماری تہذیبی زبان بھی ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعیت کی متعدد برانچوں کے اراکین وذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا مرکزی جمعیت اہلحدیث ایک غیرسیاسی ، دینی، تبلیغی اورفلاحی تنظیم ہے جو اپنی استطاعت کے مطابق اپنے ہدف کی کامیابی کیلئے کوشاں ہے ۔اس کے ہر رکن کی کوشش ہونی چاہیئے کہ وہ نوجوانوں کی دینی تعلیم و تربیت کا خصوصی اہتمام کریں کیونکہ ایک انسان کی زندگی بھی اگر قرآن کریم اور سنت مصطفوی ؐکے مطابق بن جائے تو داعی کی آخرت سنور سکتی ہے۔،مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کی مجلس شوریٰ کااجلاس 22جولائی کو برمنگھم مرکز میں ہورہاہے جس کے بارےمیں اراکین سے تجاویزطلب کی گئی ہیں ۔ سالانہ مرکزی کانفرنس اکتوبرمیں ہوگی کیونکہ رمضان کے بعد جولائی میں انتظامات کیلئے وقت بہت کم تھا ،نیزبعض اراکین کی حج پر روانگی بھی وجہ تھی ۔انہوں نے کہاغیرمسلم معاشرے میں ہماری ذمہ داریاں دوچند ہوجاتی ہیں اس لیے ہمیں اپنے کام میں تیزرفتاری کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے نوجوان ہمارامستقبل ہیں انہیں اسلامی اخلاق واقدار سکھانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے ہی کل کو لوگوں کیلئے نمونہ بننا ہے اس لیے ان کی طرف توجہ زیادہ دی جائے ۔ جمعیت کی برانچوں میں ہونے والے تربیتی کام کا جائزہ لینے کیلئے ناظم اعلیٰ جمعہ کو گلاسگو سے پریسٹن پہنچےجہاں انہوں نےفیصل رضوی ، قاسم رضوی ، وسیم خان اور دیگر جماعتی احباب سے ملاقات کی پریسٹن کے علاوہ انہوں نے ناظم تبلیغ حافظ شریف اللہ شاہد اور مولانا عبدالستار عاصم کے ہمراہ نیلسن ،سکپٹن ، کیتھلے ، ہڈرز سفیلڈ، ڈیوزبری اورشفیلڈ اور مانچسٹربرانچوں کابھی دورہ کیا جہاں مقامی جماعتوں کے ذمہ داران علماء و خطباء نیلسن میں چوہدری محمد اسلم ، مولانافضل الرحمن ، سکپٹن میں حاجی نذیر احمد ، حاجی خادم حسین ، برادر ریاست علی، کیتھلے میں مولانا رفیق عابد مدنی ،برادر فیض عالم اور حافظ عبدالاعلی ، ڈیوزبری میں حاجی محمد اسحق ،برادر عبدالرزاق ، ہڈرزفیلڈ میں حافظ زکریا سعود ، شفیلڈ میں پروفیسرحافظ مطیع الرحمن، مانچسٹر میں چوہدری محمد اشرف ،چوہدری امان اللہ، شیخ جاوید اقبال ودیگرذمہ داران سے ملاقات کی اوران کی جماعتی خدمات پرانہیں خراج تحسین پیش کیااورزیادہ مستعدی کے ساتھ تبلیغی و دعوتی کاموں میں حصہ لینے کی تلقین کی اور مرکزکی فلاح و بہبود کیلئے تبادلہ خیال بھی کیا دو روزہ دورے کے بعد آپ گزشتہ روز گلاسگو واپس چلے گئے۔
تازہ ترین