• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جانور پالیں بیماریاں دور بھگائیں

کہا جاتا ہے کہ ایک سیب ڈاکٹر سے دوررکھتا ہے۔اسی طرح اب ماہرین کا کہنا ہے کہ گھرمیں پالتو جانور کا ہوناآپ کو بیماریوں سے دور رکھتا ہے۔ آجکل ہمارے یہاں پالتو جانور رکھنا ایک فیشن سابن گیا ہے، مگر اب بھی بہت سے لوگ ایسے ہیں جو کسی بھی جانور کو انسیت یا محبت کی وجہ سے پالتے ہیں۔ جانوروں کومعاشی فوائد حاصل کرنےکے لیے بھی پالا جاتا ہے، ان کی ’فارمنگ‘ یعنی افزائشِ نسل کے ذریعے آمدنی حاصل کی جاتی ہے۔لیکن، کیا آپ جانتے ہیں کہ پالتو جانور اپنے مالک کے لیےنہ صرف معاشی فوائدکا ذریعہ بنتا ہے بلکہ اس سے طبی فوائدکاحصول بھی ممکن ہے؟ پالتو جانور کی اہمیت اور طبی فوائدسے متعلق جو باتیں ہم بتانے جارہے ہیں، وہ آپ کو اپنے پالتوجانور سے اور زیادہ محبت کرنے پر مجبور کردیں گی، آئیےجانتے ہیں۔

جسمانی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی

اس بھاگتی دوڑتی زندگی اور دن بھر کی سخت روٹین سے فراغت کے بعد جب انسان گھر پہنچتا ہے توکسی کھلی فضا میں چہل قدمی کے لیے جانا بہت کٹھن معلوم ہوتا ہے۔تاہم اگر آپ کے پاس کوئی کتا ہو تو وہ آپ کو باہر نکلنے کے لیےمجبور کرتا ہے اور اسے ٹہلانے کے دوران خود آپ کی بھی واک ہوجاتی ہے۔ باہر کی کھلی فضا دماغی کارکردگی اور قوت مدافعت بہتر بنانے کا کام کرتی ہے اور وٹامن کی مخصوص سطح ڈپریشن پر قابو پانے میںبھی مدد دیتی ہے۔

ذہنی سکون کاباعث

ماہرین کے مطابق پالتو جانور،خاص طور پرکتے، ذہنی کشیدگی کم کرنے میں مددگار ہوتےہیں۔ جب آپ تھکے ہارے گھر پہنچتےہیں تو یہ گھر کے ایک فرد کی ہی طرح خوشی سے آپ کا استقبال کرتے ہیں۔2012ء میں ورجینیا کامن ویلتھ یونیورسٹی کی جانب سے کیے گئے سروے میں مختلف کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کی ذہنی کشیدگی کا جا ئزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق جن ملازمین کے گھر کوئی بھی پالتو جانور موجود ہوتاہے، ان میں کام کے دوران ذہنی دباؤکی کیفیت ایسے ملازمین کے مقابلے میںکم پائی جاتی ہے، جن کے گھر کوئی پالتو جانور نہ ہو۔ ذہنی دباؤ کا ایک سبب اکیلا پن بھی ہے اور گھر میں کسی جانور کی موجودگی اس احساس کو ختم کرتی ہے۔

ڈپریشن کا علاج

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈپریشن کے مریض بڑی تعداد میں موجود ہیں اور اس کا ایک علاج پالتو جانوروں سے انسیت بھی ہے۔حالیہ دور کی بات کریں تو مصروفیت اور تیز رفتار زندگی نے جہاںانسانوں کو بہت سے خوبصورت رشتوںسے دور کر دیا ہے، وہیں ڈپریشن کے مرض میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ آجکل والدین اپنی مصروفیات کے باعث بچوں کے ساتھ کم وقت گزار تے ہیں،جس کی وجہ سےبچے خود کو تنہا محسوس کرنے لگے ہیں۔ ان حالات میں گھر میں کسی پالتو جانور کا ہونا ان کی اس تنہائی کو کسی حد تک کم کرسکتا ہے، اس کے علاوہ بچے جانوروں سے بہت سی مثبت باتیں بھی سیکھتے ہیں ۔

دل کی بیماریوں سے حفاظت

پالتو جانور رکھنے والےافراددل کی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں، اس کی ایک وجہ مناسب جسمانی سرگرمیاں قراردی جاسکتی ہیں۔ 2007ء میںلاس اینجلس کی کیلیفور نیایونیورسٹی کی جانب سے کیے گئے ایک مطالعہ میںدل کے مریضوں کےلیے’’ ڈوگ تھراپی‘‘ کی گئی اور 12منٹ بعد جب دیکھا گیا تو مریضوں کےدل کی صورتحال میں مناسب تبدیلی دیکھنے میں آئی، جس سے یہ پتہ چلتا ہےکہ پالتو جانوروں سے کچھ دیر بات چیت بھی دل کی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔پالتو جانور کا ساتھ دورانِ خون کو متوازن اور ذہنی کشیدگی کو کم کرتا ہے۔

جذبات میں بہتری

جذبات ہماری جسمانی اور دماغی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق پالتو جانوررکھنے والےافراد کی جذباتی صحت ایسے دیگر افراد سے بہتر ہوتی ہے، جوپالتو جانور نہیں رکھتے۔ ایسے افراد کا نہ صرف موڈ خوشگوار رہتا ہےبلکہ ان میں خوف اور غصے والے جذبات بھی کم پائے جاتے ہیں۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی صحت اچھی رہے تواپنا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ گھر میں موجود جانور وں اور چرند پرند کا خیال رکھیں ، ان کے ساتھ وقت گزاریں، انہیں کھانا دیںاور وقت پر انہیں ٹیکے لگوائیں، غرض یہ کہ ان کا اپنے گھر کے فرد کی ہی طرح خیال رکھاجائے۔ آپ ان کی معصوم شرارتوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنے غم، پریشانی اور تنہائی کے اثر کو ختم کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین