• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات 2018، اسٹیشنری و دیگر سامان ریڑننگ افسران کے دفاتر پہنچ گیا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ضلع حیدرآباد کی قومی اسمبلی کی تین نشستوں کے لئے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے اسٹیشنری اور دیگر سامان ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں پہنچ گیا، پیکنگ کا کام 90 فیصد مکمل تاہم بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسز الیکشن سے دو یا تین روز قبل دیئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں میں ضلع حیدرآباد کی قومی اسمبلی کی تین نشستوں این اے 226,225اور 227 کے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں پولنگ کے روز استعمال ہونے والی اسٹیشنری، انتخابی فہرستیں، مہریں، مختلف اقسام کے فارمز، اسٹیپلرز، انک پیڈ سمیت 65 سے زائد اشیاء اور بوریاں ریٹرننگ افسران کے دفاترپہنچ گئی ہیں جن کی پیکنگ کا کام گزشتہ تین روز سے جاری تھا، پیکنگ کا کام 90 فیصد تک مکمل کرلیا گیا ہے، ریٹرننگ افسران کا عملہ دن رات پیکنگ میں مصروف ہے، ریٹرننگ افسران کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسز کے علاوہ تمام اشیاءموصول ہوگئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس کا کہنا ہے کہ بیلٹ باکسز مطلوبہ تعداد میں موجود ہیں جو کہ بیلٹ پیپرز کے موصول ہوتے ہی ایک ساتھ ریٹرننگ افسران کے حوالے کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ الیکشن 2018کے لئے ضلع حیدرآباد میں 850 پولنگ اسٹیشن اور ہزاروں کی تعداد میں پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین