• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہٹلر کا تعمیر کرایا گیا ساڑھے چار کلومیٹر طویل ہوٹل جلد سیاحوں کیلئے کھول دیا جائیگا

کراچی (نیوز ڈیسک) سابق جرمن حکمران اڈولف ہٹلر کی جانب سے 1930ء کی دہائی میں سیاحوں کیلئے تعمیر کرایا جانے والا تفریحی مقام (ریسورٹ) ’’پیرورا‘‘ طویل عرصہ تک بند رہنے کے بعد اب تزئین و آرائش کے بعد جلد سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ بحیرہ بالٹک میں جزیرہ روگن پر تعمیر کیا جانے والا یہ سیاحتی مرکز 20؍ ہزار مہمانوں اور سیاحوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہٹلر کی ’’تفریح کے ذریعے طاقت کا حصول‘‘ (Strength through Joy) نامی حکمت عملی کے تحت بنایا گیا تھا۔ یہ ریسورٹ ہوٹل ساڑھے چار کلومیٹر طویل ہے اور دنیا کی سب سے بڑی عمارتوں میں سے ایک ہے۔ تاہم، اُس دور میں اس ہوٹل کا افتتاح نہیں ہو سکا تھا اور یہاں کبھی کوئی سیاح نہیں آیا۔ لیکن اب جرمن حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریسورٹ ہوٹلز اور کمپلیکس کمائی کا بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ کئی برسوں تک جاری تزئین و آرائش کے بعد، اب اس عمارت کو سیکڑوں فلیٹس، ہوٹل اور نوجوانوں کیلئے ایک ہاسٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تزئین و آرائش کے بعد مقامی حکومت کو روزانہ کی بنیاد پر فی شخص 2.85؍ یورو سیاحتی ٹیکس وصولی کی اجازت مل گئی ہے۔ ہٹلر کے دور میں ہوٹل کی تعمیر جنگ شروع ہونے کی وجہ سے بند ہوگئی تھی اور اس عمارت کو اتحادیوں کی بمباری سے بچنے والے پناہ گزینوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا گیا۔ جنگ کے بعد، یہ طویل ترین ہوٹل مشرقی جرمنی میں ایک بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگا۔
تازہ ترین