ترتیب و تدوین:آصف فرخی
صفحات: 178، قیمت: 575روپے
ناشر:اوکسفرڈ یونی ورسٹی پریس، پی او بکس نمبر8214، کراچی،74900
مسعود اشعر روزنامہ جنگ سے وابستہ ہیں، مگر اُن کی اصل وجۂ شہرت صحافت نہیں، افسانہ نگاری ہے۔ اپنے افسانوں کے بارے میں خود ان کی اپنی رائے ہے کہ ’’یہ افسانے نہیں، سوال ہیں۔ وہ سوال، جو مَیں اپنے آپ سے کرتا رہتا ہوں۔ مختلف اوقات میں، مختلف مواقع پر۔ وہ باتیں ہیں، جو مَیں نے اپنے آپ سے کی ہیں اور کرتا رہتا ہوں۔‘‘ بہ قول ڈاکٹر اسلم فرّخی، ’’سوال اُٹھانے کا عمل ان کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔‘‘زیرِتبصرہ تصنیف میں ان کے19افسانے شامل ہیں، جو ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔ اگر آپ نے پہلے نہیں پڑھے، تو اب پڑھ لیجیے۔ بہ شرط جیب اجازت دے۔
دنیابَھر میں پیپر بیک کتابوں کی قیمت نہایت کم رکھی جاتی ہے، مگر پاکستانی ناشرین نہ جانے کیوں اس کا خیال نہیں کرتے۔ ایک ایسے سماج میں، جہاں کتب بینی کا رواج پہلے ہی سے کم ہے، پونے چھے سو روپے کی مختصر کتاب خریدنے کے لیے حوصلہ درکار ہے۔ خواہ کتاب کتنی ہی خُوب صُورت اور معیاری کیوں نہ ہو۔