• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا مفاہمتی عمل جاری، پی پی رہنماوٓں سے بھی ملاقات کرلی

تحریک انصاف حکومت سنبھالنے سے قبل مفاہمت کےراستے پر آگئی ، ن لیگ کے ایاز صادق سے ملاقات کے بعد پی پی رہنمائوں سے بھی ملاقات کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت کئی معاملات پر بات چیت سمیت کل ہونے والے قومی اسمبلی کےافتتاحی اجلاس کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی وفد میں شفقت محمود،اسد قیصر،فواد چوہدری ،عمر ایوب ودیگر شامل تھے جبکہ پی پی کے وفدمیں خورشید شاہ،شیری رحمان،نوید قمرموجود تھے۔

ملاقات کے بعدمشترکہ میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات ہوئی ، سب کو پارلیمنٹ میں آ کر کردار ادا کرنا چاہئےجبکہ ہم ملکی اور قومی مفاد کے لیے قانون سازی کی حمایت کریں گے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، خورشید شاہ اور ایم کیو ایم کو تقریب حلف برداری میں شرکت کے دعوت نامے پہنچائے اور خورشید شاہ سے درخواست کی کہ وہ اسد قیصر کے حق میں دستبردار ہو جائیں انہوں نے پارلیمان کو مضبوط کرنے کی بات کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایاز صادق سے اچھی گفتگو ہوئی جس سے تعاون کا ایک نیا راستہ نکلے گاتاہم انتخابات سے متعلق شکایات پر اپوزیشن جو تجاویز دے گی، ہم اسے آگے لیکر چلیں گےاور دنیا عمران خان کو عالمی سطح کے لیڈر کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

تازہ ترین