• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں 72 واں یوم آزادی منایا جارہا ہے

ملک بھر میں 72واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے،اس دن کی مناسبت سے مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ملک بھر میں8 بجکر 59منٹ سائرن بجائے جائیں گے ، جس کے ساتھ ہی ایک منٹ کے لئے ٹریفک رک جائے گی۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

ملک بھر میں سرکاری و نجی عمارتوں اور اہم مقامات کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ گھروں اور عمارتوں پر قومی پرچم بھی لہرائے گئے ہیں۔


رات 12 بجتے ہی مختلف شہروں سے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا، کراچی میں مزار قائد اور بحریہ ٹاؤن میں ہونے والے مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی،صدر مملکت ممنون حسین تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک ، نگراں وزراء، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی ، اراکین پارلیمنٹ، سروسز چیفس،مختلف ممالک کے سفیر اور دیگر اہم شخصیات تقریب میں شرکت کریں گی۔

 شہری بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ او رشاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے مزاروں پر حاضری دیں گی،پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔

اس کے علاوہ یوم آزادی کے مناسبت سےسیمینارز اور نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اسکولوں میں تحریک آزادی کے حوالے سے تقریری مقابلے، ٹیبلوزاورملی نغمے پیش کئے جائیں گے۔

تازہ ترین