• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم انجانے خوف کا شکار رہ کر ہر وقت پریشان رہتے ہیں،ڈاکٹر سعید قریشی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ خوشی ہمیشہ سچائی کی متلاشی رہتی ہے، سچ بولنے سے خوشی خود ہی مل جاتی ہے جبکہ جھوٹ رنج و غم سمیت دیگر نفسیاتی و جسمانی عوارض میں مبتلا کرتاہے، یہ بات انہوں نے ڈائو میڈیکل یونیورسٹی کے آراگ آڈیٹوریم میں منعقدہ لیکچر’’ہیپی نس ورک آئوٹ2018‘‘میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں بطور مہمان مقرر سہیل زندانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے حصول کے لیے ہمیں اپنی سوچ کے محور کو تبدیل کرنا ہوگا، کیونکہ اپنی ذاتی زندگی میں ہم اپنا آج کل پر قربان کر دیتے ہیں، بلکہ کرنا یہ ہوگاکہ آج کی خوشیوں کا لطف لیں،انہوں نے مزید کہا کہ ہم انجانے خوف کا شکار رہ کر ہر وقت خوفزدہ اور پریشان رہتے ہیں، جس کی وجہ سے زندگی میں پریشانی اپنی مستقل جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہے، اس سے چہرے کے زاویے خراب رہنے لگتے ہیں،انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر کا م کو محنت کے ساتھ کرنے کے ساتھ" مثبت" سوچ زندگی میں خوشیوں اور خوشحالی کا سبب بنتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی خواہش کے بجائے معاشرے کے لوگوں کے بارے میں سوچتے ہوئے اہم فیصلے کرتے ہیں، جو غلط ثابت ہوتے ہیں، ہمارے اس طرزِ عمل نے معاشرے کو ذہنی دبائو کے سوا کچھ نہیں دیا، ہمیں زندگی میں مثبت سوچ اپنی ہوگی، جس سے معاشرے میں اچھا تاثر قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آنے والے کل کے بارے میں خیالات سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے،اسلئے ہمیں اپنے خیالات کودرست سمت میں رکھنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہمیں نیکی کرنے کے مواقع بہت زیادہ ملتے ہیں، جبکہ جدید دنیا میں نظام ایسے ترتیب دیئے گیے ہیں کہ عام لوگوں کو سہولتیں ملتی ہیں۔
تازہ ترین