• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی نے احمد شہزاد کو کوچنگ کورس میں شرکت سے روک دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک دن بعد اپنی غلطی کا احساس ہوگیا اور احمد شہزاد کو لاہور میں لیول ون کوچنگ کورس میں شرکت سے روک دیا گیا۔ پی سی بی نے احمد شہزاد کو ڈوپ کیس میں معطل کر رکھا ہے۔ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے احمد کو کورس میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ پی سی بی افسران کی بد انتظامی اس وقت سامنے آئی جب انہوں نے معطل کھلاڑی کو کورس میں شرکت کی اجازت دے دی اور احمد شہزاد کی تصویر بھی جاری کردی۔ پی سی بی افسران کو جب اس غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے احمد شہزاد کا نام کورس سے واپس لے لیا۔ کورسکے شرکاء کے گروپ فوٹو میں مصباح الحق، محمد حفیظ ، عمر گل، امام الحق، بابر اعظم ، عثمان صلاح الدین کیساتھ احمد شہزاد اور دیگر کرکٹرز بھی موجود تھے۔ قومی ٹیم کے بعد ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بھی فارغ کئے جانے والے اوپنر نے 27 جولائی کو اپنا جواب کو جمع کروایا تھا۔ ابھی تک اس کیس میں مزید پیش رفت نہیں ہوئی ہے، الزام ثابت ہونے پر انہیں 2 سال پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پی سی بی کیس کو آگے بڑھایا ہے احمد شہزاد نے بورڈ سے مزید دستاویز مانگی ہیں تاکہ ان کا وکیل کیس کا دفاع کرسکے۔ واضح رہے کہ احمد شہزاد پر ماری جوانا استعمال کرنے کا الزام ہے۔ احمد شہزاد کو ان کے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک نے کپتانی سے ھٹا دیا ہے اور ان کانام قائد اعظم ٹرافی کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہے۔
تازہ ترین