• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، 18 گھنٹےکا طویل بریک ڈائون، 6 تا 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ معمول، شہری پریشان

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیسکو کی جانب سے ایک بار پھر شہر میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ جمعہ کو پھلیلی سب ڈویژن میں 18گھنٹے سے زائد طویل بریک ڈاؤن، انورولاز، لطیف آباد نمبر5,8,11,12 و دیگر علاقوں میں بھی 6 تا 8 گھنٹے اعلانیہ وغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی قومی اسمبلی میں تقریر شروع ہوتے ہی حیسکو نے صدر، پھلیلی‘ لطیف آباد ودیگر علاقوں میں بجلی بند کردی ۔حیسکو کی جانب سے گذشتہ چند ماہ کے دوران بجلی کی فراہمی میں بہتری کے بعد دوبارہ طویل بندش اورلوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی میں شہریوں کو پریشانی کا سامناہے ۔جمعہ کو پھلیلی سب ڈویژن سے منسلک او ٹی ایس ون فیڈر سےجمعرات اورجمعہ کی شب رات 12بجے سے دوپہر 3بجے تک بجلی کی فراہمی بند رہی۔ رہائشیوں کے مطابق حیسکو کومسلسل شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی ۔ اسی طرح حالی روڈ و دیگر علاقوں میں 15 روز سے ٹرانسفارمرز خراب ہیں جن کو تبدیل نہیں کیاگیا ہے۔ حیدرآبادکے مختلف علاقوں میں گذشتہ کئی روز سے خراب ٹرانسفارمرز تبدیل نہ کئے جانے اور ٹرانسفامرز کی تبدیلی کیلئے حیسکو عملے کی جانب سے بھاری رشوت طلب کرنے پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور شہری سخت گرمی میں انصاف کیلئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگئے۔ حالی روڈ کے مکینوں نے 15روز سے خراب بجلی کا ٹرانسفارمر تبدیل نہ کئے جانے کے خلاف فتح چوک سے حالی روڈ آنے والی سڑک پر احتجاج کے دوران ٹائر جلا کر اور سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرے میں خواتین ،بچے اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک تھی جو حیسکو حالی روڈ سب ڈویڑن کے ایس ڈی او اور لائن مین کے خلاف سخت نعرے لگا رہے تھے ،اس موقع پر مظاہین نے الزام عائد کرتے ہوئے بتا یاکہ حالی روڈ کی یونین کمیٹی88میں الوحید کالونی کا بجلی کا ٹرانسفامر 15روز سے خراب ہے جس کی تبدیلی کیلئے حیسکو حالی روڈ سب ڈویژن کے ایس ڈی او اورایل ایس کو کئی بار درخواستیں دینے سمیت زبانی شکایت کر چکے ہیں، لیکن 15روز گذرجانے کے باوجودابتک بجلی کا ٹرانسفارمر نہیں لگا یا گیا ہے اور ٹرانسفارمر کی درستگی کیلئے لائن مین 40ہزار روپے رشوت طلب کر رہاہے، مظاہرین نے بتا یاکہ حیسکو حالی روڈ سب ڈویڑن کے علاقے میں ہی ہمارے ٹرانسفامر سمیت مزید تین ٹرانسفارمرز خراب ہیں جن میں جنت والے ٹرانسفامر کو ڈیڑھ ماہ کا عرصہ ہو چکا ہے اسی طرح امریکن کوارٹر ز میں اخلاق کے دفتر ولا ٹرانسفامر بھی 12روز سے خراب ہے جو تاحال تبدیل نہیں کئے گئے اور ان علاقوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور سخت گرمی میں لوگ پریشان ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اِس عوامی مسئلے پر سیاسی جماعتوں اور ان کے منتخب نمائندوں کی جانب سے بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا جارہاہے جو قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ جب تک ٹرانسفامر تبدیل نہیں کیا جائے گا‘ احتجاج جاری رہے گا۔
تازہ ترین