• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ کی پاکستانی نژاد ممتاز خواتین کو ایوارڈز

پاکستان یونین ناروے کی طرف سے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی یورپ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تین ممتاز خواتین کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔

پاکستان یونین ناروے کے ایک تازہ ترین بیان میں کہا گیا ہےکہ ایک ایوارڈ گریٹر مانچسٹر برطانیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈاکٹر روبینہ شاہ کو دیا جائے گا جو اپنی کاونٹی کی پہلی پاکستان نژاد ہائی شیرف ہیں۔ ڈاکٹر روبینہ شاہ جو پیشے کے لحاظ سے یونیورسٹی کی سینئرلیکچرار ہیں، انہیں ان کی خدمات کی بدولت ملکہ برطانیہ نے اس عہدہ پر فائز کیا ہے۔

دوسرا ایوارڈ بھی برطانیہ سے ایک پاکستانی نژاد خاتون کو ہی دیا جائے گا جن کا تعلق شعبہ صحافت سے ہے اور برطانیہ میں اردو میڈیا کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ محترمہ سیدہ کوثر منور شرقپوری اس وقت اخبار دھنک لندن کی چیف ایڈیٹر ہیں۔

تیسرا ایوارڈ بھی ایک خاتون کو ہی دیا جائے گا لیکن ان کا تعلق ناروے سے ہے۔ رقیہ کوثر ایک نوجوان پاکستانی صحافی ہیں جنہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کیا۔

اس کے بعد ناروے کی اوس یونیورسٹی سے عالمی ماحولیات میں ایم فل کیا اور اب ناروے کی اوسلو یونیورسٹی سے جرنلزم میں ایم فل کرنے کے ساتھ ساتھ ناروے میں اردو صحافت کو فروغ دینے میں کوشاں ہیں۔ ان کا اخبار اوورسیز کمیونٹی پوسٹ ناروے میں کمیونٹی کو معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

یہ تنیوں ایوارڈز پاکستان کی جشن آزادی کے حوالے سے پاکستان یونین ناروے کے سالانہ پروگرام میں دیئے جائیں گے جو پچیس اگست کو دارالحکومت اوسلو کے مضافات میں لورنسکک کے مقام پر منعقد ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان یونین ناروے اپنے سالانہ پروگرام میں ہربار مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو ان کی نمایاں خدمات پر ایوارڈز دیتی ہے۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کا کہنا ہے کہ پورا سال بڑے غور و فکر کے بعد یہ ایوارڈز دئیے جاتے ہیں اور اس اقدام کا مقصد اہم خدمات دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

تازہ ترین