• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روشنی قدرتی ہو یا مصنوعی، یہ گھر کی ایک ایسی ضرورت ہے جس کے بغیر جینے کا تصور مکمل نہیں ہوتا۔ روشنی نہ صرف گھروں کو روشن رکھتی ہے بلکہ اس کا استعمال چھوٹے گھروں کو بڑا اور بڑے گھروں کو مزید کشادہ دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دوران تعمیر روشنی کے انتظام اور اس کی سمت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔اگر ہم گھر کے کسی تاریک حصےکی بات کریں جہاں قدرتی روشنی کا حصول مشکل ہو تو ان حصوں کو روشن کرنے کے لیے آرائشی یا مصنوعی روشنیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 

یہ روشنیاں گھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو روشن کرنے کے علاوہ ان کو خوبصورت انداز بھی فراہم کرتی ہیں۔ آج ہم گھر کے کچھ ایسے ہی حصوں، جہاں قدرتی روشنی کا پہنچنا مشکل ہو (مثلاً لیونگ روم، برآمدہ، راہداری اور سیڑھیاں)، سے متعلق معلومات ہم اپنے قارئین کے ساتھ شیئر کرنے جارہے ہیں جنہیں دوران تعمیر آپ آرائشی یا مصنوعی روشنیوں سے مزین کرکے خوبصورتی اور روشنی دونوں ہی حاصل کرسکتے ہیں۔

روشنی کی اہمیت

مصنوعی یا آرائشی روشنی کا مطلب صرف بلب کو ساکٹ میں لگادینا ہی نہیں ہوتا۔ گھر میںکسی جگہ کو روشن کرنے کے لیے ہمیں اس کے رنگ ، حجم اور اس کو بنانے والے بنیادی جزو کو دیکھنا ہوگا۔ کس چیز کو چھپانا ہے، کون سی جگہ کو زیادہ روشن کرنا ہے یا کس چیز کو دکھاناہے، یہ سب پہلے ہی طے کرلیا جائے کیونکہ لائٹنگ بلاشبہ نہ صرف ایک ضرورت ہے بلکہ یہ گھر کی سجاوٹ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔

لان میں روشنی

آجکل جدید گھروں میں جگہ کے حساب سے باغیچہ یا چھوٹا سا لان لازمی بنایا جانے لگا ہے۔ اگرچہ باغات کے لیےکوئی بھی چیز سورج کی روشنی کا متبادل نہیں لیکن شام ڈھلے جب یہ روشنی اندھیرے میں تبدیل ہونے لگے تو مصنوعی روشنی ہی اس کا متبادل ثابت ہوتی ہے۔اگر آپ اپنے باغ کے لیے کچھ منفرد لائٹنگ آئیڈیاز کی تلاش میں ہیں تو مندرجہ ذیل آئیڈیاز پر غور کریں ۔

٭شام کے وقت صحن اور باغ میں بیٹھ کر قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لئے باغ کے آغازیا اختتامی حصے میں ٹری لائٹنگ پر غور کریں۔ اس کے لیے زمین پر آئرن اسٹینڈ لگوایا جاتا ہے، جس پر عام بلب سے بڑا بلب لگا کر باغ کو روشن کیا جاسکتا ہے۔

٭باغ سے ملحقہ راہداری کے کناروں پرفلور لائٹنگ کا انتظام کروایا جاسکتا ہے ۔نیچے سے اوپر کی جانب لگی لائٹس نہ صرف آپ کے لان کو روشن کریں گی بلکہ لان کو ایک خوبصورت اور متاثر کن انداز بھی فراہم کریں گی۔

سیڑھیوں پر روشنی

سیڑھیاں ہرگھر کی ضرورت ہوتی ہیں لیکن وہاں روشنی کا مناسب انتظام نہ کیا جائے تو پھسلنے یا گرنے کا خطرہ رہتا ہے جبکہ وہاں اندھیرا مزید خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، تو کیوں نہ کچھ روشنیاں سیڑھیوں کے لیے بھی ہوجائیں۔

٭سیڑھیوں والا حصہ فانوس کے ذریعے روشن کرنے کا آئیڈیا اب پرانا ہوگیا ہے۔ آپ سیڑھیوں کے اُوپر چھت کے بجائے اس کے اسٹیپس کولائٹنگ کےلیے منتخب کریں، اگر آپ کی سیڑھیاں گہرے رنگوں کی ہیں تو اسٹیپس کے نچلے حصے میں بلب لگائیں۔ ایسا کرنے سے سیڑھیاں کچھ منفرد لگیں گی۔

٭سیڑھیوں کی دیوار کو بھی روشنی کے لیے منتخب کیا جاسکتا ہے۔ دیوار کے نچلے حصے میں چھوٹے بلب لگوائیں، یہ بلب اگر بلٹ اِن اسٹائل میں ہوں تو یہ سیڑھیوں کو زیادہ متاثر کن انداز فراہم کریں گے۔

٭سیڑھیوں پر روشنی کا انتظام کروانے کے لیے دیوار کو ایک منفرد طریقے سے بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ دیوار پر اسپاٹ لائٹ شیڈ استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے لیےسیڑھیوں والی دیوار کی تعمیر کچھ اس طرز پر کی جائے کہ دیوار کے اندر لائٹ فکس کرنے کا انتظام موجود ہو۔اگرچہ بلٹ ان لائٹس ایک مخصو ص جگہ پر روشنی فراہم کرتی ہیں لیکن ا ن کے استعمال سے ارد گرد کا پورا ماحول متاثر کن لگتا ہے۔

لیونگ روم میں روشنی

لیونگ روم میں شیشے کی لمبی کھڑکیاں، پردے ، گہرے رنگ کی لکڑی کا فرنیچراور سفیدی مائل زرد رنگ کی سجاوٹ کافی متاثر کن انتخاب ہے لیکن مناسب روشنی کے بغیر یہ کچھ نامکمل سی لگتی ہے۔ لیونگ روم کی فورسیلنگ چھت کی اندرونی سطح پر لائٹنگ کیجیے ۔چھت سے آنے والی بلاواسطہ روشنی آپ کے لیونگ روم کو متاثر کن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔

کچن میں روشنی

دوران تعمیر کچن کے لیے اسکائی لائٹس بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہیں، کچن کے لیے شیشوں والی اسکائی لائٹس کا انتخاب کیجیے۔ اسکائی لائٹس معدنی یا مضبوط حفاظتی شیشے یاپھر ان دونوں کے مجموعہ پر مشتمل ہوتی ہیں۔ آپ کےکچن کا ڈیزائن اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ آپ کو کون سا شیشہ استعمال کرنا چاہیے، جس کے استعمال سے نہ صرف آپ روشنی لے سکتی ہیں بلکہ یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

کشش کریں کہ LEDلائٹس خریدیں، یہ عام لائٹس سے قدرے مہنگی تو ہوتی ہیں مگر یہ نہ صرف تیز روشنی فراہم کرتی ہیں بلکہ بجلی بھی کم حاصل کرتی ہیں۔

تازہ ترین