• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس،زرداری،فریال تالپور کی کل ایف آئی اے میں چوتھی بار طلبی،انور مجید ،عبدالغنی مجیدکے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

راولپنڈی، کراچی (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کیلئے سابق صدر آصف زرداری اورانکی ہمشیرہ فریال تالپور کو ایف آئی اے حکام نے ایک بارپھرطلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر اور انکی ہمشیرہ کو ایف آئی اے نے کل 27؍اگست کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد پیش ہونے کیلئے نوٹس بھجوا دئیے ہیں، انہیں منی لانڈرنگ کیس میں چوتھی بار طلب کیا گیا ہے لیکن وہ اب تک ایک باربھی پیش نہیں ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے حکام نے 28؍اگست کو سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق کراچی کی بینکنگ عدالت نے 17 ؍اگست کو منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جبکہ عدالت نے تمام ملزمان کو 4 ؍ستمبر تک گرفتار کرنے کا حکم دیا۔عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی جبکہ انکی ہمشیرہ فریال تالپور نے پہلے ہی حفاظت ضمانت حاصل کرلی ہے۔ سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں تمام ملزمان کو ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔دوسری جانب کراچی میں مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور بیٹے عبدالغنی مجید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی۔ایف آئی اے نے نی لانڈرنگ کیس کے ایک ملزم عبدالغنی مجید کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں پیش کیا جہاں ملزم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کورات بھرجگا کرتفتیش کی جاتی ہے، ملزم کا طبی معائنہ کرایا جائے، اسے برین ہیمرج کا خطرہ ہوگیا ہے۔ ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ عبدالغنی مجید کو انٹرنل بلیڈنگ ہورہی ہے انکے طبی معائنے کا حکم دیا جائے جبکہ انور مجید کو عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیں وہ اسپتال میں ہیں۔اس موقع پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ ملزم سے تفتیش ابھی نامکمل ہے لہٰذا ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے انور مجید اور عبدالغنی مجید کے جسمانی ریمانڈ میں 27 اگست تک توسیع کردی جبکہ عدالت نے ملزم عبدالغنی مجید کا طبی معائنہ کراکے رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیاہے۔

تازہ ترین