نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے بعد راولپنڈی میں لائسنس اجراء میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس راولپنڈی نے کہا کہ راولپنڈی میں گزشتہ 9 روز میں31 ہزار سے زائد شہریوں کو لائسنسنگ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 8 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔
انہوں نے کہا کہ 21 ہزار سے زائد شہریوں نے انڈورسمنٹ، انٹرنیشنل و لرننگ پرمٹ جیسی دیگر سہولتیں حاصل کیں، 1900 سے زائد شہریوں نے رینیول و ڈپلیکیٹ لائسنس حاصل کیے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 31 رکشہ ڈرائیونگ اور 47 کمرشل ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی و موٹر سائیکل چلانا قانوناً جرم ہے، ٹریفک قوانین پر سختی سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں اضافہ ہوا ہے۔
سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے لیے گھر بیٹھے آن لائن لائسنسنگ پورٹل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، میرٹ اور شفافیت کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی جاری ہے۔