• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے اور اقبال کے خوابوں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کرنے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 70 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔

25دسمبر 1876کو کراچی کے وزیر مینشن میں محمد علی جناح نے آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ عظیم انسان آگے چل کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار کرانے کیلئے نا خدا کا کردار ادا کرے گا۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام میں حاصل کی جبکہ میٹرک کا امتحان جامعہ ممبئی سے پاس کیا اور بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر لندن روانہ ہوگئے۔

1895میں لندن کی یونیورسٹی سے19برس کی عمر میں لاء کی ڈگری حاصل کر کے کم عمر ترین ہندوستانی قانون دان کا اعزاز حاصل کیا اور کچھ ہی عرصے بعد ہندوستان واپس آکرباقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیاجہاں ان کا شمار نامور وکلاء میں کیا جانے لگا۔

1896میں قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جاتا ہے۔

چنانچہ 1913میں انہوں نے مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا۔

آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہونے بعد قائد اعظم نے اپنے شب و روز مسلمانوں کے سیاسی شعور کی بیداری کیلئے وقف کر دیئے۔

بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14اگست 1947کوبرصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔

آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11ستمبر 1948کو ملت کا یہ روشن ستارہ دار فانی کوچ کرگیا لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی۔

تازہ ترین