• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوول ٹیسٹ: انگلش ٹیم کی 118رنز سے فتح، سیریز ایک، 4 سے جیت لی

لندن (نیوز ڈیسک) انگلینڈ نے اوول ٹیسٹ میں بھی بھارت کو شکست دے دی، انگلش ٹیم پانچویں اور سیریز کے آخری میچ میں118 رنز سے فتح یاب رہی۔ اوول ٹیسٹ میں انگلش ٹیم نے بھارت کو جیت کے لئے 464رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم کے ابتدائی پانچ بڑے بیٹسمین صرف121کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد میچ میں بھارت کی واپسی ناممکن لگ رہی تھی۔ مشکل صورت حال میں راہول اور پنت نے چھٹی وکٹ پر204 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے انگلش بالروں کو کئی شاندار بائونڈریز لگائیں اور ایک وقت میں ایسا لگا کہ میچ آہستہ آہستہ کر کے بھارت کی جیت کی طرف بڑھ رہا ہے، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے سنچریاں مکمل کیں۔ تین سو پچیس کے اسکور پر پہلے 20چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 149رنز بنانے والے راہول کو راشد نے بولڈ کر دیا تو صرف3 رنز کے اضافے پر ہی راشد نے معین علی کی مدد سے پنت کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 4چھکوں اور15 چوکے لگائے اور 114رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم94 اعشاریہ3 اوورز میں 354رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں انگلش ٹیم نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز 4-1سے اپنے نام کرلی۔ اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میں ایلسٹر کک نے شاندار پر فارمنس دی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تازہ ترین