• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈرل بی ایریا میں چورنگیوں پر سگنلز کی تنصیب کا منصوبہ تعطل کا شکار

کراچی (اعجاز احمد.....اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا میں گلبرگ چورنگی، طاہر ولا چورنگی اور کمپری ہینسو اسکول چورنگی پر سگنلز کی تنصیب کا منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا ہے، جس کی وجہ فنڈز کی عدم فراہمی بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ مقامات پر مسلسل ٹریفک جام رہنے کی شکایات اور عوامی مطالبے پر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) نے قریباً تین ماہ قبل فیڈرل بی ایریا بلاک12،13،17اور 18کے سنگم پر واقع گلبرگ چورنگی، بلاک5،6،10اور 11کے سنگم پر طاہر ولا چورنگی اور بلاک 8اور9کے سنگم پر واقع کمپری ہینسو چورنگی پر سگنلز کی تنصیب کا کام شروع کیا تھاجو اب تک مکمل ہوا ہے نہ سگنلز ’’ آن‘‘ ہو سکے ہیں۔ گلبرگ اور طاہر ولا چورنگیوں پر جدید ڈیجیٹل سگنلز تو لگا دیئے گئے ہیں، مگر ان مقامات پر سول ورک مکمل نہیں ہوا، جس کے باعث یہاں سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور ٹریفک جام رہنے کی شکایت ہنوز باقی ہے۔ جبکہ کمپری ہینسو چورنگی پر اب تک سگنلز لگائے گئے ہیں نہ سول ورک ہو سکا ہے، جس کی وجہ سے یہاں خصوصاً صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں شدید ٹریفک جام رہتا ہے اور شہری اس پریشانی سے اب تک چھٹکارا نہیں پا سکے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گلبرگ، طاہر ولا اور کمپری ہینسو اسکول چورنگیوں پر سگنلز کی تنصیب کے منصوبے میں تعطل فنڈز کی عدم فراہمی کے سبب آیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس منصوبے کے لئے مختص رقم میں سے متعلقہ حکام نے جتنے فنڈز جاری کئے تھے وہ استعمال میں آگئے ہیں اور اب کام مکمل کرنے کے لئے مزید رقم درکار ہے جو فراہم نہیں کی جارہی۔ اس ضمن میں موقف جاننے کے لیے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ایس ایم ٹی اے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، مگر ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ دریں اثناء فیڈرل بی ایریا کے مکینوں نے گورنر سندھ، وزیراعلیٰ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ گلبرگ، طاہر ولا اور کمپری ہینسو اسکول چورنگی پر سگنلز کی تنصیب کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہری ٹریفک جام سے چھٹکارا پاکر سکھ کا سانس لے سکیں۔
تازہ ترین