• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلثوم نواز کی نمازجنازہ اور تدفین کی تیاریاں مکمل

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی جاتی امرا لاہور میں نمازجنازہ اور تدفین کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،سیاسی رہنمائوں ،رشتہ داروں اور ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد شریف میڈیکل سٹی پہنچ گئی ہے ۔


نوازشریف،مریم نواز اور شریف خاندان کے دیگر افراد نے شریف میڈیکل سٹی میں کلثوم نواز کا آخری دیدار کیا ۔سابق خاتون اول کی نماز جنازہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل پڑھائیں گے۔

جاتی امرا میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، آنے والوں کو مکمل چیکنگ کےبعد اندر جانے کی اجازت دی جارہی ہے ۔

کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں کی جائےگی ۔ شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں صف بند ی کےلیے لائنیں لگادی گئی ہیں، ساؤنڈ سسٹم اور روشنی کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔

ملکی تاریخ میں تین بارخاتون اول رہنے والی بیگم کلثوم نوازایک سال سے زائد علالت کا شکار رہنے کے بعد 11ستمبر کوانتقال کر گئی تھیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف انکی میت لیکر بذریعہ پی آئی اے علی الصبح لاہور پہنچے ، شریف فیملی کے افراد کو سخت سکیورٹی کے حصار میں جاتی امرا پہنچایا گیا ۔

بیگم کلثوم نواز کی میت ایئر پورٹ سے سیدھی شریف میڈیکل سٹی لائی گئی جہاں میاں نواز شریف اور مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کا دیدارکیا ۔

تازہ ترین