• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمدرد پبلک اسکول،سو فیصد نتیجہ اساتذہ وطلبہ کی محنت کا ثمر ہے،مقررین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ہمدرد یونی ورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور ہمدرد لیباریٹریز (وقف) پاکستان کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز اس کی تعلیم میں پنہاں ہے اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وہ ہمدرد پبلک اسکول کے زیر اہتمام بیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینتہ الحکمہ میں ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے امتحان میں طلبہ کی امتیازی نمبروں سے پاس کیے جانے کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مدینتہ الحکمہ کی نائب صدر فاطمہ منیر احمد، ہمدرد یونی ورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، اسکول کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خالد نسیم، سیکنڈری سیکشن کی ہیڈمسٹرس شائستہ انوار زیدی اور ہمدرد ولیج اسکول کے ہیڈماسٹر سلیم جتوئی بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان نے کہا کہ آپ کے اساتذہ اور والدین مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی محنت و مشقت کی بدولت آپ اس مقام پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فرد کی ترقی کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ایک گھر نے ترقی کی ، ایک کنبے نے ترقی کی، ایک شہر نے ترقی کی اور ایک ملک نے ترقی کی۔ جیسے جیسے تعلیم آتی چلی جاتی ہے اس کا مقام اور مرتبہ دوسرے ملک اور دوسری اقوام کے درمیان بلند ہوتا جاتا ہے اور ہم باعزت ہوتے چلے جاتے ہیں۔ تعلیم کے بغیر کسی قوم نے ترقی کی ہے اور نہ کر سکے گی۔ قبل ازاں سیکنڈری کی پرنسپل شائستہ انوار زیدی نے اپنے کلمات استقبال میں کہا کہ ہمدرد پبلک اسکول کے 112 طلبہ نے میٹرک کے امتحان میں حصہ لیا تھا جس میں سے 92 طلبہ نے اے ون گریڈ اور 20 طلبہ نے اے گریڈ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا سوفیصد نتیجہ اساتذہ کی محنت ، لگن کے باعث ممکن ہوا۔ اسکول کے ہیڈمنسٹریٹرڈاکٹر خالد نسیم نے مہمان حضرات کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کا انعقاد بچوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے خاص کر ہمدرد ولیج اسکول کی طالبہ زنیر الیاس کو میٹرک میں اے ون گریڈ میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔
تازہ ترین