• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیکب آباد شہر کی سڑک دس برس گزرنے کے باوجود تعمیر نہ ہو سکی

جیکب آباد( نامہ نگار) شہر کی سڑک 10سال گزرنے کے باوجود نہیں بن سکی۔ سرکاری کاغذوں میں تین بار بن چکی ہے۔ ضلع کے متعلقہ محکمے نے اپنے دفتر کے سامنے کی بھی سڑک تعمیر نہیں کرائی، علاقہ مکیں مشکلات کا شکار ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے علاقے اے ڈی سی کا لونی جوکہ سرکٹ ہاؤس کے عقب میں واقع ہے کی سڑک گذشتہ 10سالوں سے تعمیر نہیں کی گئی جس کے باعث روڈ پر جگہ جگہ گڑے پڑ گئے ہیں اور دھول مٹی اڑ رہی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کرنے والے محکمہ ہائی ویز کا دفتر بھی اسی روڈ پر واقع ہے محکمے کے افسران نے اپنے دفتر کے سامنے والا روڈ بھی نہیں بنوایا معلوم ہوا ہے کہ سرکاری ریکارڈ میں یہ روڈ تین بار تعمیر ہوچکا ہے سرکاری خزانے سے مذکورہ روڈ کی تعمیر کے لیے کروڑوں روپے نکلوائے گئے لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے جہاں ایک پتھر تک نہیں لگایا گیا اور روڈ کی مد میں نکلوائے گئے فنڈز ٹھیکیدار اور افسران کی ملی بھگت سے بندر بانٹ کرلئے گئے ہیں روڈ تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین شدید عذاب میں مبتلا ہیں اس روڈ پر محکمہ بلڈنگز ، محکمہ سوشل ویلفیئر کے علاوہ سول لائن تھانہ بھی واقع ہے روڈ کی حالت زار کا اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگر کسی مریض کو اس روڈ سے اسپتال لے جایا جائے تو وہ اس روڈ پر گڑہوں کی وجہ سے مزید تکلیف میں متلا ہو جاتاہے۔ علاقہ مکین اعجاز علی، نظیر احمد، محمد رضا، بہادر علی اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کئی بار شکایت کی پر کسی نے توجہ نہیں دی انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی ورکس اینڈ سروسز محکمہ ہائی وے کی اس کرپشن کا نوٹس لے کر تحقیقات کرائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور یہ روڈ جلد از جلد تعمیر کرکے ہماری پریشانی دورکی جائے۔
تازہ ترین