• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنری7:؍سال کے بعد بھی بارش متاثرین میں امدادی سامان تقسیم نہ ہو سکا

کنری(نامہ نگار )تحصیل کنری میں2011 میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے بعد متاثرین کی امداد کیلئے آئے ہوئے کئی ملین روپے کے غیر ملکی امدادی سامان کی 7 سال گزرنے کے باوجود تقسیم نہیں ہو سکی جس کے باعث بیشتر امدادی سامان سرکاری گوداموں میں پڑے پڑے بری طرح گل سڑ کر خراب ہونا شروع ہو گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ غیر ملکی سامان میں تھائی لینڈ حکومت کی جانب سے اعلی قسم کے چاول اور بنگلہ دیش حکومت کی جانب سے مچھر دانیاں اور واٹر پروف خیمے متاثر ین کے لیے عطیہ کئے گئے تھے ۔ مگر مقامی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث بارش متاثر ین میں سامان کی تقسیم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اعلی قسم کے چاول کی کوالٹی بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے جبکہ مچھر دانیاں اور خیمے بھی وقت کے ساتھ گل کر پھٹ رہے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے ایم این اے نواب یوسف تالپور اور ایم پی اے نواب تیمور تالپور کی جانب سے امدادی سامان کی تقسیم کے لیے کئی مرتبہ مقامی انتظامیہ، بلدیاتی نمائندوں، اور معزز شہریوں پر مشتمل کمیٹیاں بنائی گئی تھیں مگر کمیٹیاں بھی امدادی سامان کی تقسیم کرنے سے گریزاں اور قاصر نظر آتی ہیں۔ سابق تعلقہ ناظم محمد جام میمن نے اس ساری صورتحال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے علاقے سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے ہر چیز پر اپنی اجارہ داری قائم کی ہوئی ہے سرکاری مشینری ان کے سامنے بے بس اور مجبور بن کے رہ گئی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ امداد کے لیے آئے ہوئے سامان کو بھی انہوں نے اپنی پسند اور نہ پسند کے تحت تقسیم کیا ہے اور جو حقیقی متاثر ین تھے وہ ابھی تک دربدر ہیں ۔انہوں نے پی ڈی ایم اے کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور امدادی سامان جو اب بھی قابل استعمال ہے اسے باقاعدہ تاریخ مقرر کر کے حقیقی اور مستحق متاثر ین میں تقسیم کیا جائے۔
تازہ ترین