• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام حسینؓ اور اُن کے جانثاروں نے اسلام کیلئے عظیم قربانی دی ، علماء

راولپنڈی(خصوصی نمائندہ) حضرت امام حسینؓ اور اُن کے جانثاروں کی یاد میں مجالس کا سلسلہ سوموار کو بھی جاری رہا۔ اس موقع پر علماء و ذاکرین نے مجالس عزا ء سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کے عظیم کارناموں پر روشنی ڈالی۔خواتین کی مجالس میں مخدراتِ عصمت و طہارت کے نقش قدم پر چل کر اسلام کی خدمت کرنے کے عہد کا اظہار کیا گیا۔مرکزی امام بارگاہ قدیمی میں تحریک تحفظ ولاء عزاوحرمت سادات کے مرکزی ترجمان ملک علی رضاکھوکھر نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سب کو ساتھ لے کر چلنے اور سب کو اہمیت دینے ہی میں قوم و ملک کا تحفظ اور امن و سکون ہوگا اور ہم مشترکہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بناسکتے ہیں۔عزاخانہ ابومحمدرضوی میں عشرہ محرم کی چھٹی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدابن عباس رضوی نے کہاکہ میدانِ کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور اُن کے وفا شعار جانثاروں نے اپنے خون سے اسلام کے تحفظ و بقاء کیلئے وہ عظیم قربانی دی جس کی بدولت آج ہر طرف اسلام کا پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ لہرا رہا ہے۔عزاخانہ حسینی ڈھوک سیداں میں سالانہ قدیمی برآمدگی جلوس مہندی شہزادہ قاسم کے موقع پرمجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کہاکہ ماہ محرم کربلا کے شجاعت آفریں اور عظیم ترین واقعات کی یا دلانے کامہینہ ہے ،جس میں نواسہ رسول حضرت حسینؓ کی حیات و شہادت نے عالم اسلام کی زندگانی میں نئے باب کا اضافہ کیا ۔مجلس سے اسدحسنین مشہدی اورسیدعلی حریزنے بھی خطاب کیا۔ امامبارگاہ ناصرالعزا اورباراجی شاہ مبارک ٹھلہ سیداں میں مجالس سے حافظ تصدق حسین نے خطاب کیا ۔امامبارگاہ گریسی لائن چکلالہ میں مولانا ضمیرحسین نقوی، امام بارگاہ قصرزینب ، علی مسجدوامام بارگاہ ظہورجی سیون ٹومیں مولاناملک اجلال حیدالحیدری، امامبارگاہ زین العابدین میں علامہ قمر حیدر زیدی نے عشرہ محرم کی چھٹی مجالس سے خطاب کیا۔ امام بارگاہ ابو محمد رضوی میں مجلس سے مولانا ابن عباس نے خطاب کیا۔
تازہ ترین