• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر معیاری صفائی اور مضر صحت خوراک کی فراہمی پر 7فوڈ پوائنٹس سر بمہر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈسیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں کر تے ہو ئے7فوڈ پوائنٹس کو مضر صحت خوراک کی فراہمی اور صفائی کے غیر معیاری انتظامات پر سر بمہر کر دیا۔متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 175,000کے جرمانے عائد کیے گئے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران مضر صحت اجزاء کے استعمال،چوہوں کے فضلہ جات کی موجودگی ، گندے اور بد بودار ماحول کی بناء پر صوفی چنے ،طیبہ ریفریشمنٹ اور مدینہ نہاری ہاؤس کو سیل کر دیا گیا۔دوسری جانب منظور اینڈ نمکو پروڈکشن یونٹ کو ناقص آئل کے استعمال،غلط لیبلنگ جبکہ عبدالماجد کر یانہ سٹور کو ممنوعہ گٹکا کی فروخت پر سر بمہر کیا گیا۔اٹک کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کھلے رنگوں کے استعمال،کھانے پینے کی اشیاء پر حشرات کی موجودگی پر الحمرا فاسٹ فوڈ سنٹر جبکہ چکوال میں استعمال شدہ آئل کا بائیوڈیزل کمپنی سے کنٹریکٹ نہ ہو نے،لیبلنگ کی عدم مو جودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بابو جی فوڈز کو سیل کیا گیا ۔ادھرمتعدد گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران134,853لیٹر دودھ کی چیکنگ کر تے ہوئے12,565لیٹرمضر صحت دودھ کو تلف کیاگیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پاؤڈر اور کیمیکل سے تیار شدہ جعلی دودھ میں برف ڈال کر فروخت کیلئے لایا جا رہا تھا۔
تازہ ترین