• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت کرکٹ میچ سے قبل دونوں کا ٹاکرا آج ”جیونیوز“ پر

کراچی (محمد ناصر) ایشیا کپ 2018ءکا میدان سج گیا ہے ، اس ٹرافی کو حاصل کرنے کیلئے تمام ٹیمیںبھی صف آراءہیں۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 19تاریخ کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی ۔ برصغیر پاک و ہند میں ہر فرد پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا دیکھنے کیلئے شدت سے منتظر ہے۔ پاک بھارت مقابلے کا جنون بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی دونوں ملکوں کی جانب سے جیت کی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان ایک دوسرے پر بازی لے جانے کیلئے پُر عزم ہیں، پاکستان اور بھارت کے کپتانوں نے بھی اپنی ٹیموں کی جیت کا دعویٰ کرکے اِس میگا ایونٹ میں تڑکا لگا دیاہے ۔ دُنیا بھر کے کرکٹ پنڈتوں کی نظریں بھی اس مقابلے پر ہیں۔ اسی جوش اور جذبے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ”جیو نیوز “ نے میچ سے ایک دِن قبل عوام کا لہو گرمانے کیلئے پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے سابق نامور کھلاڑیوںکو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرکے ”پاک بھارت ٹاکرے“ کا خصوصی طور پر اہتمام کیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلے پر اہم گفتگو کرنے کیلئے ”جیونیوز“ اور ”انڈیا ٹی وی“ کے مابین منگل کے روز لفظوں کا دلچسپ ٹاکرا ہوگا جس میںپاکستان کی نمائندگی کرکٹ کے لیجنڈ سکندر بخت ، رمیز راجا اور عاقب جاوید کریں گے جبکہ بھارت کی جانب سے سارو گنگولی، ورندرسہواگ ، چیتن شرما اور یشپال شرما اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ معروف اینکر شاہ زیب خانزادہ میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ جیونیوز پر تمام دِن اس اہم مقابلے کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ اَپ ڈیٹس اور رپورٹس ناظرین تک پہنچائے گی۔ اس کے علاوہ خصوصی نیوز پیکیجز بھی دکھائے جائینگے۔
تازہ ترین