• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریمیئر لیگ ٹیموں میں اضافہ فٹبال کیلئے نقصاندہ ہے، احمدجان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق فیفا ریفری اور کراچی کے فٹبال آرگنائزر احمد جان نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے پاکستان پریمئر لیگ میں ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے فیصلہ کو نان ٹیکنیکل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈویژن ٹیموں اور چیلنج کپ کی ناکام ٹیموں کو صرف ایک شخص کی فرمائش پر پریمئر لیگ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کسی بھی صورت میں فٹبال کے لئے سود مند نہیں ہوگا۔ چند سال قبل ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اپنی لیگ کی کوالٹی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔ اس طرح فیڈریشن نے پریمیئر لیگ کی ٹیموں کی تعداد کم کردی تاہم اب ٹیموں میں اضافہ کے فیصلہ سے کوالٹی مزید گرجائے گی اور یکطرفہ نتائج آنے لگیں گے جو شائقین کو اسٹیڈیم سے دور کرنے کا باعث ہوں گے۔ اس وقتپورے ملک کی فٹبال زوال پذیر ہے۔ بے شمار فٹبالرز بے روزگار ہوکر کھیل کے میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوئے۔فٹبال فیڈریشن پر براجمان ٹولے نے اس کھیل کو پنجاب تک محدود کردیا ہے۔ پی ایف ایف فیفا کے فنڈ سے تعمیر ہونے والے گول پروجیکٹ کو بھی مکمل نہ کرسکی اور کروڑوں کا فنڈ غائب ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ چیلنج کپ کے میچز میں ٹیموں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے آئین کے برخلاف ڈپٹی جنرل سیکرٹری کی پوسٹ وجود میں لاکر فٹبال کے معاملات کو یرغمال بنالیا۔ اس عہدے پر کام کرنے والی شخصیت ابھی تک اپنی اہمیت ثابت بھی نہ کرسکے۔ اس عہدے کی وجہ سے فیصل صالح حیات کو اپنے ہی صوبہ میں مخالفت کا سامنا ہے۔ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر نے اس اقدام کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔
تازہ ترین