• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر اسکولز رسہ کشی چیمپئن شپ شاہین پبلک نے جیت لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نثار احمد چوہدری میموریل انٹر اسکولز بوائز اینڈ گرلز ٹگ آف وار چیمپئن شپ دفاعی چیمپئن شاہین پبلک اسکول نے جیت لی۔ سندھ اور کراچی ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی اور شاہین پبلک اسکول کے زیر اہتمام ہونے والی چیمپئن شپ میں رہنما پبلک اسکول، سٹی ماڈل اسکول، کے این اکیڈمی، بیکن لائٹ اسکول، ہیرالڈ اسکول، این بی ملک اسکول، انٹر نیشنل گرامر اسکول، پاک ترک اسکول اور دیگر نے شرکت کی۔ بوائز کے فائنل میں میزبان اسکول کا مقابلہ ہیرالڈ اسکول سے ہوا۔ بوائز کے فائنل میں شاہین پبلک اسکول نے برتری کے ساتھ 2-0سے فتح اور ٹرافی اپنے نام کی۔ اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی شاہین پبلک اسکول کی چیئرپرسن میڈم رشیدہ نثار چوہدری جبکہ سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جاوید اقبال اعزازی مہمان تھے۔ تقریب کی صدارت کراچی ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی خان نے کی۔ کامیاب ٹیموں کو ٹرافی اور دیگر انعامات دیئے گئے۔ شاہین پبلک اسکول کی چیئرپرسن میڈم رشیدہ نثار چوہدری نے کہا کہ ان کا سکول مستقبل میں بھی ٹگ آف وار سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے ایونٹس کا انعقاد کرتا رہے گا۔ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسکولز اور کالج لیول پر اس کھیل کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں، میں شاہین اسکول کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے مسلسل دوسرے سال بھی ایونٹ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پرسندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر محفوظ الحق، کمانڈر(ر) محفوظ، عظمت پاشا، ٹورنامنٹ آفیسر محمد ندیم، سرپرست آرگنائزنگ کمیٹی میڈم شمیم، انچارج میڈم شکیلہ خرم، میڈم ذکیہ، میڈم خالدہ، امبر نذیر، آرگنائزنگ سیکریٹری محمد اختر، آسیہ خان، آصف بلال اور دیگر بھی موجود تھے۔
تازہ ترین