• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدائے کربلا کی قربانیاں رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے، محمد عمر توحیدی

اولڈہم (پ ر ) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چئیرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ کربلا کے میدان میں حسین ابن علی رضی اللہ عنہ کی لازوال قربانی اس بات کا اظہار ہے کہ کبھی بھی غیر اللہ کے آگے نہ جھکنا اور تلواروں کی چھاؤں میں بھی حکم خداوندی کو بجا لانا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جنہوں نے حق کا ساتھ دیا وہ تاریخ میں امر ہو گئے اور جنہوں نے ظلم و سفاکیت کے بازار گرم کیے پوری دنیا کے لیے عبرت کا نشان بن گئے۔ وہ قصر عمر اولڈہم میں محرم الحرام " شہادت حضرت حسینؓ " کے حوالے سے منعقدہ نشست میں خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھاما اور کسی غیر اللہ کو مدد کے لیے نہ پکارا اور ہر مشکل سے مشکل گھڑی میں بھی اپنے سر کو صرف اللہ کے آگے جھکایا وہ تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے، ان کو دنیا اور آخرت کی سرفرازیاں نصیب ہوئیں،کربلا کے میدان میں جب حق و باطل کا معرکہ سجا تو سیدنا و امامنا حسین ابن علی رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثاروں کی لا زوال قربانیاں رہتی دنیا تک کے لیے ایک نمونہ اور مشعل راہ بن کر سامنے آئیں ہیں۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پھر سے نوجوان نسل میں فکر حسنؓ اور جذبہ حسینی کو بیدار کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ محرم کو روز اول ہی سے فضیلت حاصل ہے، اس مہینے میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے ہیں، یکم محرم کو سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ شہید ہوئے، ساتویں محرم کوحضرت یونس علیہ السلام مچھلی کے پیٹ سے سلامت باہر آئے، دس محرم کو حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی اور حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی بھی دس محرم کو کنارے لگی ،9 اور 10 محرم کے روزوں کی فضیلت سال بھر کے صغیرہ گناہ معاف ہونے کی بشارت احادیث مبارکہ میں موجود ہے۔
تازہ ترین