• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس سیکٹر میں 100ارب روپے خسارے کی بات غلط ہے،مفتاح اسماعیل

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گیس سیکٹرمیں 100ارب روپے خسارے کی بات غلط ہے ،ماہر ٹیکس امور شبر زیدی نے کہا کہ چند ماہ میں ایک اور بجٹ آسکتاہے ،ٹیکس میں کوئی بنیادی تبدیلی یا اصلاحات نظر نہیں آئیں،ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ حکومت نے گیس قیمتیں بڑھا کر کڑوا گھونٹ پیا ہے، سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ن لیگ حکومت میں آئی تو خسارہ 8.2 تھا، ن لیگ نے کبھی نہیں کہا کہ گردشی قرضے دینے کی وجہ سے خسارے میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا، ہم نے گردشی قرضہ کی مد میں صرف ایک سو ارب روپے نقد دیئے تھے، یہ بات من گھڑت ہے کہ ہم نے خرچہ ڈھائی سو ارب کم بتایا تھا، اسد عمر بتائیں ہم نے ڈھائی سو ارب روپے کا خرچہ کہاں کم دکھایا، ہماری ایمنسٹی اسکیم کی وجہ سے ملک میں 2ہزار ارب روپے ظاہر ہوئے ہیں، ایمنسٹی اسکیم کی وجہ سے اس سال ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہوگا، اسد عمر کی یہ بات درست ہے کہ پچھلے سال صوبوں نے خسارہ دکھایا ، پانچ سال کی تاریخ دیکھیں تو صوبے ہر سال سرپلس دکھاتے تھے، گزشتہ سال میں صوبوں نے الیکشن کی وجہ منصوبے مکمل کرنے کیلئے خرچے کئے، اس سال الیکشن نہیں ہیں تو فنڈز کہاں خرچ ہوں گے، اس سال آپ دیکھیں گے صوبوں سے سرپلس ہوگا۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاور سیکٹر کو دو سو ارب روپے گورنمنٹ کی بیلنس شیٹ پر نہیں پاور ہولڈنگ کمپنی کی بیلنس شیٹ پر دیئے تھے، اسد عمر نے اکائونٹنگ چال چلی ہے لیکن مفتاح اسماعیل ایسا نہیں کرتا تھا، اسد عمر گیس کمپنیوں اور ایف بی آر کی باتوں میں آگئے ہیں، وزیرخزانہ کو گیس کمپنیوں سے خرچے اور یو ایف جی کم کرنے اور ایفیشنسی بڑھانے کیلئے کہنا چاہئے،جن کمپنیوں کی یو ایف جی 13فیصد ہے ان کی قیمتیں کیوں بڑھارہے ہیں، گیس کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی اور افراط زر میں اضافہ ہوگا، گیس کمپنیاں مناپلی ہیں اس لئے ان پر ریگولیٹری اتھارٹی ہوتی ہے، حکومت کو گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنے دینا چاہئے، گیس سیکٹر میں 100ارب روپے خسارے کی بات غلط ہے، ایس ایس جی سی نے نقصان کیا ہے ایس این جی پی ایل تو نقصان میں ہی نہیں ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نائیکوپ کارڈ دکھا کر رجسٹریشن حاصل کرسکتے ہیں، جائیداد اور گاڑیوں کی خرید کیلئے ٹیکس فائلر ہونے کی شرط ختم کرنے کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی بات محض بہانہ ہے، آٹو مینوفیکچرز اور لینڈ ڈویلپرز ہمارے پاس بھی آئے تھے لیکن ہم نے ان کا دبائو برداشت کیا تھا، آج پاکستان کا ٹیکس دہندہ ہار گیا اور آٹومینوفیکچررز اور لینڈ ڈویلپرز جیت گئے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ ختم کرنے کیلئے ایکسپورٹ بڑھائی جائیں، ہم نے پچھلے سال پیکیج دیا جس سے ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا، پی ٹی آئی ہم پر بلاواسطہ ٹیکس لگانے پر تنقید کرتی تھی لیکن نئے پاکستان میں بلاواسطہ ٹیکس حلال ہوگئے ہیں، اسد عمر کی باتوں اور بجٹ سے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف کے پاس جائے گی۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ نئی حکومت نے بیس پچیس ارب کے ٹیکسز بڑھائے ہیں جو ہم نے چھوٹ دی تھی، ہم قانون میں تبدیلی لائے جس کے بعد ایف بی آر اب نادرا سے ڈیٹا شیئر کرسکتا ہے، ہمارا خیال تھا اس ڈیٹا سے آٹھ لاکھ نئے ٹیکس دہندگان مل جائیں گے، چیئرمین ایف بی آر اور نادرا ڈیٹا شیئر کرلیں تو کچھ کام ہوسکتا ہے۔ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ حکومت نے گیس قیمتیں بڑھا کر کڑوا گھونٹ پیا ہے، گیس کی قیمتیں بڑھنے سے عوام کو نقصان لیکن حکومت کو فائدہ ہوگا، حکومتی اقدامات سے ٹیکس وصولی بڑھے گی اور امپورٹ کنٹرول ہوگی، پی ٹی آئی حکومت سے آئوٹ آف باکس فیصلوں یا نئے ٹیکس ایونیوز تلاش کرنے کی توقعات پوری نہیں ہوئیں، اسد عمر کا گزشتہ حکومت پر بجٹ میں 900ارب روپے کم دکھانے کا الزام سیاسی بیان ہے، بجٹ ہمیشہ اندازوں پر بنایا جاتا ہے اس پر تنقید کرنا بہت آسان ہوتا ہے، پچھلی حکومت نے نان ٹیکس فائلرز اور فائلرز کے درمیان جو فرق کیا تھا اسے پی ٹی آئی حکومت کو سپورٹ کرنا چاہئے تھا، نان ٹیکس فائلرز کو تو سزا دینی چاہئے، جائیداد اور گاڑیوں کی خرید کے علاوہ فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام یا بزنس کلاس میں سفر کرنے والوں پر بھی ٹیکس فائلر ہونے کی پابندی لگانی چاہئے تھی۔
تازہ ترین