• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان کی شاہ سلمان سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات ،تجارت،سرمایہ کاری اور دیگر امور پر گفتگو

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک؍جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح، وزیر سرمایہ کاری یاسر رومیان، مشیر سعودی کابینہ احمد الخطیب اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری ، اقتصادی تعلقات اور خطے کی صورتحال پربھی گفتگو ہوئی۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں سعودی فرماں روا نے شاہی محل میں عشائیہ دیا جہاں وزیراعظم نےسعودی قیادت سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کےمسائل کا معاملہ اٹھایا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا اور ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ شب عمرہ بھی ادا کیا۔ ان کی آمد پر خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولاگیا، جہاں وزیراعظم نے نوافل ادا کیے اور ملک کی خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ سعودی عرب کا دورہ مکمل ہوتے ہی وزیراعظم اور ان کا وفد متحدہ عرب امارات کے امیر کی دعوت پر ابو ظہبی روانہ ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کےولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ دریں اثناء العربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں سعودی عرب نے ہمیشہ آگے بڑھ کر ضرورت پڑنے پر پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات حکومت کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی مضبوط ہیں، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ رہا ہے اور رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی شخص اقتدار میں آئیگا یقینا وہ پہلے سعودی عرب کا دورہ کریگا۔انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کیخلاف مقابلہ کرنا مشکل ہوتا ہےلیکن پاکستان میں اس کے تدارک کیلئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے تاکہ ملک سے غیرقانونی طریقے سے باہر لیجانے والی رقم واپس لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے کرپشن کیخلاف اقدامات کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے درمیان تنازعات نہیں ہونے چاہئیں اس سے مسلم دنیا کمزور ہوتی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ان تنازعات کے حل اور مفاہمت کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ علاوہ ازیں سعودی قیادت نے پاکستان میں کامیاب جمہوری انتقال اقدار پر مبارک باد دی اور عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بنانے کے نظریے کو بھی سراہا اور پاکستان سے تعاون کا یقین دلایا۔

تازہ ترین