• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل باجوہ کی ملاقات، سی پیک خطے میں امن و ترقی کا آغاز ،پاک فوج کا کردار اہم ہے، چینی صدر

راولپنڈی / بیجنگ (جنگ نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی دعوت پر چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں علاقائی سیکورٹی اور درپیش چیلنجز سے تبادلہ خیال کیا گیا ، چینی صدر نے کہا کہ سی پیک خطے میں امن و ترقی کا آغاز ہے جس میں پاک فوج کا کردار بہت اہم ہے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ چین کی حمایت کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، امن کیلئےدشمن قوتوں کی سازشیں ناکام بنائیں گے، سی پیک کی کامیابی کیلئے تمام وسائل استعمال کریںگے، سیکورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی چینی صدر سے ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سیکورٹی اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات خصوصی دعوت پر ہوئی‘اس اہم ملاقات میں علاقائی سلامتی صور تحا ل اور آئندہ کے لائحہ عمل پرگفتگو ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا آہنی بھائی ہے‘ دونوں ملکوں کے مثالی تعلقات میں پاک فوج کا اہم کردارہے۔چینی صدرنے خطے میں امن کیلئے پاک افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم علاقائی امن وسلامتی میں اس کے کردار کو تسلیم کرتےہیں‘ پاکستان ہرآزمائش پرپورا اترنے والا آہنی دوست ملک ہے اوراس دیرپا دوستی میں فوج کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر حمایت جاری رکھیں گے، سی پیک منصوبے چین، خطے اور دنیا کے امن وسلامتی کے لئے اہم ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کی اہمیت سمجھتا ہے‘ سی پیک کی کامیابی کیلئے تمام وسائل استعمال کریں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سی پیک کی سکیورٹی ہرقیمت پر یقینی بنائےگی‘ مشکلات کے باوجود سی پیک ،بی آرآئی کوکامیاب بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نےامن کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہمیں امن مخالف قوتوں کیخلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا ہوگا‘ امن کےحصول کیلئے دشمن قوتوں کی سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ چین کی حمایت کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں‘ آرمی چیف نےخصوصی دعوت پرچینی صدر کا شکر یہ اداکیا۔

تازہ ترین