• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 474ارب روپے ملکی وسائل سے مہیا کئے جائینگے

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ایک اہم پیش رفت کے تحت وزیراعظم عمران خان کی حکومت ملکی وسائل سے 474ارب روپے دیامر بھاشا ڈیم کے لئے مہیا کرے گی۔ جبکہ آئندہ 10سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص فنڈز سے بڑا حصہ ڈیم کے لئے گرانٹ کے طورپر دیا جائے گا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 232 ارب روپے دیئے جائیں گے۔ ڈیم کی مجموعی تعمیری لاگت 14 ارب ڈالرز ہے۔ واپڈا ایکویٹی پر 98 ارب روپے لائے گی۔ 144 ارب روپے کمرشل فنانسنگ کے ذریعے حاصل کئے جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے ڈیم کے لئے اراضی کے حصول پر 100 ارب روپے خرچ کئے اور پی ایس ڈی پی سے 100 ارب روپے کیش ڈیولپمنٹ لون (سی ڈی ایل) کے طورپر استعمال کئے گئے۔ اب وزارت منصوبہ بندی کمیشن سے 100 ارب روپے کی گرانٹ مانگ رہی ہے۔ اگر یہ 100 ارب روپے ڈیم کی لاگت میں شامل کرلئے جائیں تو مجموعی طورپر ڈیم کی تکمیل کے لئے یہ رقم 574 ارب روپے تک جاپہنچتی ہے۔ آر سی سی سے تعمیر کیا جانے والا دیامر بھارشا ڈیم 272 میٹرز بلند ہوگا جس میں 8.1 ایم اے ایف (ملین ایکڑ فٹ) پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ ڈیم ملکی وسائل سے تعمیرکیا جائے گا، جبکہ اس پر دو پاور ہائوسز قرض لے کر مکمل کئے جائیں گے۔ اس پروجیکٹ سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ ایک بار ڈیم مکمل ہوجائے تو تربیلا ڈیم کی عمر 30 سال بڑھ جائے گی۔
تازہ ترین