• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس کی قیمتوں میں اضافہ سی این جی سیکٹر پر لاگو نہ کیا جائے

کوئٹہ(پ ر)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کےرہنمائوں نے کہا ہے کہ سی این جی کا شعبہ قدرتی گیس کی قیمت میں اضافہ کے بعد اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکے گااس لئے اس اضافہ کو سی این جی سیکٹر پر لاگو نہ کیا جائے۔ سی این جی سیکٹر کی بندش سے ساڑھے چار سو ارب روپے کی سرمایہ کاری ضائع اور لاکھوں افراد کا روزگارختم ہو سکتا ہے جبکہ آئل امپورٹ بل، آلودگی اور حکومت کے خسارے میں خاطر خواہ اضافہ ہو جائے گا۔اے پی سی این جی اے کے مرکزی چئیرمین اشعر حلیم نے کہا کہ گیس کی قیمت میں اضافہ سے سی این جی اور پٹرول کی قیمت کا فرق بہت کم رہ جائے گا۔سب سے مہنگی گیس خریدنے والے سی این جی سیکٹر کے لئے گیس کی قیمت میں مزید چالیس فیصدریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس سے اس کی قیمت میں اٹھارہ سے بیس روپے فی کلو اضافہ ہو جائے گا اور یہ ماحول دوست ایندھن عوام کی پہنچ سے باہر نکل جائے گا جبکہ اس صنعت کی بقاء خطرہ میں پڑ جائے گی۔انھوں نے کہا کہ اگر سی این جی انڈسٹری کو تحفظ نہ دیا گیا تو یہ ایندھن استعمال کرنے والے عوام کو مجبوراً پٹرول پر منتقل ہونا پڑے گا جس سے انھیں مجموعی طور پراربوں روپے کا نقصان ہو گا جبکہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھ جائیں گے۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک و قوم کے مفاد میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ سی این جی سیکٹر پر لاگو نہیں کیا جائے۔
تازہ ترین