• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیام پاکستان کے وقت ہی سے یہ المیہ رہا ہےکہ آبادی کے ساتھ ساتھ ملک میں اسی شرح سے ناخواندگی بھی بڑھتی گئی جس کا یہ نتیجہ ہے کہ آج ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں اس تناظر میں وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے کے تحت نجی و سرکاری اسکولوں میں جو بچوں کی انرولمنٹ اور درخت لگائو مہم شروع کی گئی ہے یہ یقیناً موجودہ اور خصوصاً آنے والے وقت کے لئے انتہائی اہم ہے۔ پنجاب بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں کی مانیٹرنگ کے لئے جو چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں یہ ایک اچھی پیشرفت ہے تاہم ماضی کے تجربات سامنے رکھتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان ٹیموں کی بھی نگرانی ہونی چاہئے۔ سینئر افسران پر مشتمل اسکواڈ انتظامات، اسکولوں میں نئے بچوں کی انرولمنٹ کمپین، شجر کاری مہم کی چیکنگ کرے گا۔ اس بارے میں صوبہ بھر کے36اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور ضلعی تعلیمی حکام کے نام مراسلہ جاری کردیا گیاہے۔ یہاں یہ بات غور طلب ہےکہ متذکرہ ڈھائی کروڑ بچوں کے والدین ا تنی استطاعت نہیں رکھتے کہ نجی ، حتیٰ کہ سرکاری اسکولوں میں بھی کتابوں کاپیوں اور دوسرے اخراجات اٹھا سکیں اگر چہ ماضی میں مفت تعلیم کی غرض سے ان بچوں کے لئے بعض اقدامات اٹھائے گئے۔ مختلف ناموں سے منصوبوں کا اعلان بھی ہوا لیکن صورتحال جوں کی توں ہے۔ اب ملک کھوکھلے اعلانات کا متحمل نہیں ہو سکتا، بار آور عملی اقدامات کی ضرورت ہے رپورٹ کے مطابق چھاپہ مار ٹیمیں ہفتہ میں ایک دن فیلڈ میں گزاریں گی جو جملہ معاملات کی چیکنگ کریں گی، اسکولوں کو دیئے گئے انرولمنٹ ٹارگٹ کا جائزہ لیں گی اور درخت لگائو مہم میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں رپورٹ تیار کریں گی یہ عملی شروعات ہیں تاہم اس کے نتائج کا منطقی انجام تک پہنچنا ناگزیر ہے ان اقدامات کی ضرورت دوسرے صوبوں میں بھی محسوس کی جا رہی ہے جہاں اسکول نہ جانے والے بچوں کی شرح پنجاب سے بھی زیادہ ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین