• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیاکپ، شیکھر دھون اور روہیت شرمانے چھکے چھڑادیئے، پاکستان کو 9 وکٹوں سے مات

دبئی(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) روہت شرما اور شیکھر دھون کی سنچریوں اور دھواں دار بیٹنگ نے پاکستان بولرز کے چھکے چھڑادیے۔ پاکستان کی بدلہ لینے کی امیدیں خاک میں مل گئیں۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو نشان عبرت بناتے ہوئے 9 وکٹ کی ریکارڈ ساز کامیابی اپنے نام کی اور ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کے امکانات روشن کرلئے۔ منگل کو بھارت اور افغانستان کا میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔ کپتان روہت شرما 111اور امباتی رائیڈو12رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت نے ہدف 63گیندیں پہلے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے237رنز سات وکٹ پر بنائے تھے۔ پاکستانی ٹیم سپر فور مرحلے میں اپنا آخری میچ بدھ کو ابوظبی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ روہت شرما اور شیکھر دھون کے جارحانہ لاٹھی چارج کے سبب ٹورنامنٹ میں بھارت کے ہاتھوں کو پاکستانی ٹیم مسلسل دوسرے میچ میں شرم ناک شکست ہوئی۔ ٹاس جیت کر بڑا ٹارگٹ دینے کا فیصلہ دوسرے میچ میں غلط ثابت ہوا۔ دوسری اننگز میں وکٹ آسان ہوگئی جس کا بیٹسمینوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ پاکستانی بولر تھکے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ شیکھر دھون نے ٹورنامنٹ میں دوسری اور ون ڈے کرکٹ میں15ویں سنچری95 گیندوں پر مکمل کی۔ دھون 100گیندوں پر114رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ بھارتی اوپنرز نے پہلی وکٹ پر210رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کرکے میچ کو یک طرفہ بنادیا۔ روہت شرما نے19ویں سنچری 106گیندوں پر بنائی۔ اس دوران روہت نے ون ڈے کرکٹ میں 9ہزار رنز مکمل کر لئے۔ بھارت کی جیت کے ساتھ دبئی اسٹیڈیم وندے ماترم سے گونج اٹھا۔ بھارتی اننگز کے آغاز امام الحق نے روہت شرما کا آسان کیچ شاہین آفریدی کی گیند پر چھوڑ دیا۔14رنز پر کیچ ڈراپ ہونے کے بعد بھارتی بیٹنگ نے پاکستانی بولنگ کو بے اثر کردیا۔ فخر زمان نے 81رنز پر روہت کو شاداب کی گیند پر دوسری نئی زندگی دی۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے سب سے زیادہ78رنز 90گیندوں پر بنائے ان کی اننگز میں دو چھکے اور چار چوکے مارے۔ آصف علی نے30رنز 21گیندوں پر بنائے۔ پاکستان نے آخری دس اوورز میں68 اور آخری پانچ اوورز میں صرف26رنز بنائے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا پاکستان کا فیصلہ ابتداہی میں درست ثابت نہ ہوسکا۔58 رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ پاکستانی اننگز کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے کیا تھا۔ امام الحق دس رنز بنا کر لیگ اسپنر چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ ابتدائی دو میچوں میں صفر پر آئوٹ ہونے والے فخر زمان نے نسبتاً بہتر بیٹنگ کی۔ فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی انہیں کلدیپ یادیو نے 31 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ بابر اعظم نے 25 گیندوں پر صرف نو رنز بنائے اور وہ ایک تیز سنگل لینے کی کوشش میں رن آئوٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز احمد اور سینئر ترین بیٹسمین شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز کی شراکت قائم کی۔ پاکستان کے ایک سور نز 27.1اوورز میں بنے۔ افغانستا ن کے میچ کے ہیرو شعیب ملک نے ون ڈے کرکٹ میں 43نصف سنچری 64گیندوں پر مکمل کی۔ سرفراز احمد جنوری کے بعد پہلی ون ڈے نصف سنچری کی جانب گامزن تھے لیکن وہ66گیندوں پر44 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے۔ ان کے بعد شعیب ملک بھی آئوٹ ہوگئے اور ان کےآئوٹ ہوتے ہی رنز کی رفتار بھی تھم گئی۔ آصف علی نے دو چھکے مارکر میچ کو جاندار بنانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔ آخری 42گیندوں پر قومی ٹیم نے محض 37رنز بنائے، حالانکہ پاکستانی ٹیم ون ڈے میچوں میں سال 2018 میں آخری دس اوورز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی ٹیم ہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 29،چاہل نے 46اورکلدیپ یادیو نے 41رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔

تازہ ترین