• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالاباغ ڈیم مانتے ہیں نہ تعمیر ہونے دیں گے ،عوامی نیشنل پارٹی

پشاور(نائندہ جنگ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ قوم پرستوں کو پارلیمنٹ سے آؤٹ کرکے 18ویں ترمیم رول بیک اور کالاباغ ڈیم تعمیر کرنے کی راہ ہموار کی جارہی ہے لیکن ہم کالاباغ ڈیم کو مانتے ہیں نہ ہی کسی قیمت پر تعمیر ہونے دیں گے کیونکہ یہ پختون قوم کے سرسبز علاقوں کو پانی میں ڈبونا اور سندھ کو صحرا میں تبدیل کرنے کا ایک گھنائونی سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی کے78ضمنی انتخابات کے سلسلہ میںپارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،غلام احمد بلور نے کہا کہ مقتدر قوتوں نے پختون قیادت کو ایک سازش کے تحت اسمبلی سے آئوٹ کر کے اٹھارویں ترمیم اور کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے راہ ہموار کرنے کی ناکام کوشش کی‘ آج اسمبلی عدلیہ‘ میڈیا‘ بیورو کریسی پر پنجاب کا قبضہ ہے مگر ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ قوم پرست قوتوں کو اسمبلیوں سے باہر رکھ کر ایک خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے‘ ہم کالاباغ ڈیم کو نا مانتے ہیں اور نہ تعمیر ہونے دیں گے کیونکہ یہ پختون قوم کے سرسبز علاقوں کو پانی میں ڈبونا اور سندھ کو صحرا میں تبدیل کرنے کا ایک گھنائونی سازش ہے‘ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی پنجاب کے بیورو کریسی نے صوبوں سے اختیارات چھین کر ون یونٹ بنایا جو کہ گریٹر پنجاب کی ایک صورت تھی مگر ہم نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ون یونٹ کو ختم کیا اور 2013ء میں دوسری پارٹیوں کیساتھ مل کر اٹھارویں ترمیم اسمبلی سے منظور کر کے چھوٹے صوبوں کو ان کے اختیارات واپس دلا دئیے اب ایک مرتبہ پھر یہ اختیارات ان سے چھینا جا رہا ہے‘ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک قومی ادارہ ہے اور ہمارے بچے ہیں‘ کپتان صاحب نے کشکول لیکر سعودی عرب گئے اور اس قومی فوج کو سعودیوں کے ہاتھ فروخت کر دیاجو آدمی الیکشن سے پہلے کہتا تھا کہ میں اربوں ڈالرز پاکستان لائونگا آج وہ ہاتھ میں کشکول لیکر کبھی چندہ مہم شروع کرتا ہے تو کبھی خیرات مانگنے سعودی عرب نکل جاتا ہے‘ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے الیکشن جیتنے کیلئے ہمارے بچوں کو کیوں شہید کیا دھاندلی کے تو اور بھی طریقے ہو سکتے تھے اس مرتبہ ہم پولنگ اسٹیشن کے اندر اور پولنگ اسٹیشن سے باہر دھونس دھاندلی اور بدمعاشی کسی کو نہیں کرنے دیں گے‘ پختون قیادت کو اسمبلیوں سے باہر رکھ کر اسمبلی کے اندر ایسے لوگوں کو بٹھا دیا جو ریت کی بوریاں ہیں اس کے پیچھے دوسرا ذہن کام کر رہا ہے۔
تازہ ترین