• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل انٹری ٹیسٹ ،پنجاب بھرسے65670ا مید و ا روں کی شرکت

لاہور (جنرل رپورٹر ) پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کے روزیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہوا۔ٹیسٹ کیلئے لاہور سمیت صوبے کے 13شہروں میں 28امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھےجہاں پنجاب بھر سے مجموعی طور پر65670 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں 41681 طالبات جبکہ23989طلبہ شامل تھے۔5500سے زائد عملے نے نگرانی کے فرائض انجام دیے۔ لاہور میں7امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ تمام امتحانی مراکز میں پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد صبح سویرے سے ہی موجود رہی۔ اس کے علاوہ شہری دفاع کے رضاکار ،میڈیکل سٹاف اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر موجود رہا۔ سکیورٹی کی نگرانی متعلقہ ڈی پی اوز نے کی۔ اس موقع پرتمام امتحانی مراکز میں دفعہ144نافذ کی گئی تھی۔مزید برآں کلوز سرکٹ کیمرے، موبائل فون جامرز اور سکیورٹی واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے تھے۔ امتحان کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے، پارکنگ اور بچوں کے ہمراہ آنے والے والدین کے بیٹھنے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔لاہور کے 7امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر18418امیدواروں نے ٹیسٹ دیا جن میں سے 12068طالبات اور 6350طلبہ تھے۔ لاہور کی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی انٹری ٹیسٹ پرُ امن طور پر ہوا اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ فیصل آباد سے6614ساہیوال سے 3747ملتان سے10148 بہاولپور سے3356، رحیم یار خان سے1758، سرگودھا سے2803، راولپنڈی سے7874، حسن ابدال سے824، گجرات سے1767 ، گوجرانوالہ سے 3623 ، سیالکوٹ سے2065جبکہ ڈی جی خان سے 2673امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔تمام سینٹرز پر امتحان کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرز کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ حادثات یا طبیعت خرابی کی صورت میں محکمہ صحت کا عملہ اور ایمبولینس کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ اس مرتبہ بھی انٹری ٹیسٹ میں سیلف سکورنگ سسٹم کو برقرار رکھا گیا ہے اور طلبہ اپنی جوابی کاربن کاپی کے ذریعے جوابی کلید کی مدد سے اپنا سکور خود معلوم کرسکتے ہیں ۔مزید برآں یو ایچ ایس نے اتوار کے روز ہی سوالیہ پرچے کی جوابی کلید اپنی ویب سائیٹ www.uhs.edu.pkپر جاری کردی جس کی مدد سے امیدوار اپنا رزلٹ خودتیار کرسکتے ہیں۔ سرکاری طور پر نتائج کا اعلان ایک ہفتے میں کیا جائیگا۔پنجاب کے 17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ 03سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی216نشستیں موجود ہیں ۔ مزید برآں پنجاب کے 25 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی3000جبکہ11پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی500نشستیں ہیں۔اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی ہالز کے مرکز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹرجاوید اکرم نے بتایا کہ امتحانی پرچے کی تیاری سے لیکر پرنٹنگ، پیکنگ، ترسیل اور دیگر مراحل تک نئے طریق کار وضع کیے گئے اور سیکورٹی کے کئی حصار قائم کرکے مکمل راز داری کے ساتھ پرچہ تیار ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ہر شہر میں پرچوں کے ٹرنک حکومتی خزانہ کے اندر محفوظ رکھے گئے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ میرٹ کو ہرصورت میں یقینی بنایا جائے ۔ انھوں نے تمام سینٹرز پر بہتر انتظامات کرنے پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ 
تازہ ترین