• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغازآج ہوگا

لاہور (جنرل رپورٹر) ملک گیر سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز آج ہو رہا ہے جس کیلئے پنجاب بھر میں 45 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ اس کے علاوہ لاری اڈوں، ریلوے سٹیشنوں اور دیگر اہم مقامات پر بھی یہ ٹیمیں موجود رہیں گی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کا ہدف حاصل کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پولیو فری پاکستان کے لئے ہر بچے تک پہنچنا اور مشنری جذبے سے کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکیسن کے قطرے لازماً پلوائیں اور پولیو فری پاکستان کے ٹارگٹ کے حصول میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔ دریں اثناء، پنجاب ایمرجنسی آپریشن کوآرڈی نیٹر اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منیر اکرم نے بتایا ہے کہ پے در پے انسداد پولیو مہم کے باعث اگرچہ پنجاب میں پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تاہم راولپنڈی اور لاہور میں بعض مقامات سے پولیو کے ماحولیاتی سیمپلز مثبت آنے کے بعد کسی سستی یا غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔ آج شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لئے متعلقہ اضلاع میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ تاہم کسی معلومات یا مدد کے لئے ٹال فری ہیلپ لائن 99000۔0800 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین