• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نرسنگ کونسل سندھ کے انتخابات قانونی نہیں ،ینگ نرسز ایسوسی ایشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ینگ نرسز ایسوسی ایشن سندھ نے نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ کی جانب سے پاکستان نرسنگ کونسل سندھ کے انتخابات کرانے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سیکریٹری صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی عمل کو روکا جائے ۔ ایسوسی ایشن کے جاری کر دہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کنٹرولر نرسنگ خیرالنساء نے پی این سی سندھ کے اراکین کے غیر قانونی انتخابات کرانے کے لئے لیٹر جاری کیا ہے جو غیر قانونی ہے جس پر ینگ نرسز ایسوسی ایشن اور پراونشل نرسز ایسوسی ایشن کو تحفظات ہیں جن سے سیکریٹری صحت کوپہلے بھی آگاہ کیا جا چکا ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کنٹرولر نرسنگ سندھ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے کہ وہ انتخابات کرائیں لیکن ذاتی مفادات کے لئے وہ خود الیکشن کمشنر بن گئی ہیں اور من پسند اراکین کو منتخب کرانا چاہتی ہیں جو سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناع کی براہ راست توہین ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات میں سندھ کے تین ہزار نرسوں کو ووٹ سے محروم کر کے ان کے حق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہےاس لئے سیکریٹری صحت اس بات کا نوٹس لیں ۔ اعلامیہ میں سیکریٹری صحت سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کنٹرولر نرسنگ کی جانب سے جاری لیٹر کو منسوخ کیا جائے ، نرسز کو ووٹ کا حق دیا جائے ، غیر جانبدار الیکشن کمشنر مقرر کیا جائے اور شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔

تازہ ترین