• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی حکم عدولی پر ایس ایچ او صدر جلالپور کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ ملتان نےقتل کے مقدمہ میں عدالتی حکم عدولی کرنے پر ایس ایچ او صدر جلالپور کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے ، فاضل عدالت نے تھانہ جلالپور پیر والہ میں درج مقدمہ سرکار بنام عبداللطیف میں عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر ڈی ایس پی سرکل جلالپور کوحکم دیا ہےکہ ایس ایچ او تھانہ صدر جلالپور کو گرفتار کرکے 29 ستمبر کو عدالت کے روبرو پیش کریں ،فاضل عدالت نے شہری کی بیوی کے کپڑے پھاڑنے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ مظفر آباد سے 3 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا ہے،عدالت میں شہری عبدالمجید نے درخواست دائر کی تھی،فاضل عدالت نےزیادتی کے مقدمہ میں ملوث ملزم عمران کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کاحکم دیا ہے،فاضل عدالت نےفراڈ کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی قبل از گرفتاری ضمانت میں ریکارڈ پیش نہ کئے جانے پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور کو شو کاز نوٹس جاری کرنے اور مقدمہ کی سماعت پرپیش ہونے کا حکم دیا ہے،عدالت نے تھانہ قطب پور میں درج مقدمہ سجاد حسین بنام سرکار میں ریکارڈ طلب کیا تھا جو پیش نہ کرنے پر 28 ستمبر کے لئے شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے ، سیشن کورٹ نے ملزم کےفرارکےمقدمہ میں ملوث سب انسپکٹرباقر حسین شاہ کی عبوری ضمانت منظورکرلی نیز علاقہ مجسٹریٹ نے انسپکٹر اقبال اور ٹرینی اے ایس آئی اعجاز کوجوڈیشل ریمانڈپرجیل بھجوانےکاحکم دیاہے ،فاضل عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی کو بوگس چیک دینے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت میں مشتاق احمد نے درخواست دائر کی تھی، سیشن کورٹ نے شہری کی رقم واپس نہ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سے نہ روکنے پر پر ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان ا ور شاہ ررکن عالم سے 29 ستمبر کو جواب طلب کرلیا ہے، عدالت میں شہری محمد انجم نے درخواست دائر کی تھی ، مجسٹریٹ کورٹ نےڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث2 ملزمانوقار احمد ، مہتاب حسین کا2 روزہ جسمانی اور ملزم شہزاد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے ، اسی طرح بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے ملزم فیض محمد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے ،مجسٹریٹ کورٹ نے چوری کے مقدمہ میں ملوث4 ملزمان شعبان ، حسن ، ظفر اقبال ، ریاض کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر پولیس تھانہ شاہ شمس سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
تازہ ترین