• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید حوالدار نصیر احمد، سپاہی سمیع اللہ فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل کے علاقے سارہ وانہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں شہید ہونے والے حوالدار نصیر احمد اور سپاہی سمیع اللہ کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے حوالدار نصیر احمد کو فوجی اعزاز کے ساتھ گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

شمالی وزیرستان میں 2روزقبل دہشت گردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر جانے والے میر پور ماتھیلو کے جوان نصیر احمد کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔

نماز جنازہ میں فوجی افسران، علاقہ معززین اور لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی،شہیدکی آئندہ سال شادی طے کی گئی تھی، ان کے سوگواران میں والد اور 5بھائی شامل ہیں۔

ادھر ہنزہ میں شہید سپاہی سمیع اللہ کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا،شہید سمیع اللہ کی تدفین ان کے آبائی گاؤں گریلت میں کردی گئی، نماز جنازہ میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل کے علاقے سارہ وانہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں کیپٹن سمیت 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، فورسز لیفٹیننٹ بلال کی قیادت میں تحصیل دتہ خیل کے علاقے سارہ وانہ میں سرچ آپریشن کیلئے موجود تھے کہ کمپاؤنڈ میں چھپے دہشت گردوں نے ان پر حملہ کر دیا جس کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

جھڑپ میں 7 سیکیورٹی اہلکار کیپٹن جنید، حوالدار آصف،حوالدار رزاق، حوالدار امیر ولی، حوالدار نصیر احمد،سپاہی سمیع اللہ اور سپاہی انور جان شہید جبکہ صوبیدار خورشید، نائب صوبیدار ارشد اور سپاہی قدوس زخمی ہو گئے تھے۔

گزشتہ روز شہید حوالدار نصیر احمد اور سپاہی سمیع اللہ کی نماز جنازہ واقعے کے دیگر شہداء کے ساتھ راولپنڈی گیریژن میں بھی ادا کی گئی تھی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی تھی۔


تازہ ترین