• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اشتہارات کیلئے کمیٹی سے آزادی صحافت کو دھچکاپہنچے گا،اے پی این ایس

کراچی( جنگ نیوز) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے میڈیا کو جاری ہونے والے تمام اشتہارات کی پیشگی منظوری کیلئے کنیٹنٹ ( مواد ) کمیٹی کی تشکیل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان سے اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ منگل کو جاری بیان میں اے پی این ایس نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے اپنی سربراہی میں بنائی جانے والی کنیٹنٹ کمیٹی کی مذمت کی جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے میڈیا کو جاری اشتہارات کی نگرانی اور مانیٹرنگ کرے گی ۔ اے پی این ایس اس حکومتی اقدام کو ’’ سرجیکل اسٹرائیک ‘‘ سمجھتی ہے جس سے میڈیا کی آزادی اور بقاء کو شدید دھچکا پہنچے گا اور یہ اقدام ملک میں پریس کی آزادی کو ختم کرنے کیلئے استعمال ہوگا۔ یہ بات تحریک انصاف حکومت کی نہ صرف آزادی صحافت کو برقرار رکھنے اور اختیارات کی صوبائی و ضلعی سطح تک منتقل کرنے کی یقین دہانیوں کے برخلاف ہے ۔ جس کے تحت وفاقی حکومت نے اشتہارات کی مرکزیت کے ذریعہ جو میڈیا اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کو کنٹرول کرنے کی پالیسی اختیار کرلی ہے۔ اے پی این ایس کے خیال میں یہ اقدام آئین کے تحت صوبوں کو تفویض کردہ اختیارات پر تجاوز ہے ۔ اے پی این ایس نے وفاقی حکومت کے عزائم پر سوال اٹھایا ہے کہ آیا وہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی بھی ہے یا نہیں۔ اے پی این ایس کا یہ سوچا سمجھا موقف ہے کہ صرف مالی طور پر مستحکم اور متحرک میڈیا ہی پاکستان کے عوام کے مفادات کے نگرانی کا مقصد پورا اور ملک میں جمہوری اقدار کا تحفظ کر سکتا ہے ۔ اے پی این ایس کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے آنے کے بعد وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے جاری اشتہارات کا حجم غیر معمولی طور پر کم ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے اخبارات خصوصی علاقائی اور چھوٹے اخبارات شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے اقدامات کے نتیجے میں چھانٹی ہوگی اور بیروز گاری پھیلے گی ۔ اے پی این ایس نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ میڈیا مفادات کا تحفظ کرے اور اشتہارات کے اجراء کو کنٹرول اور مرکز کے تحت لانے کی پالیسی سے فوری طور پر دستبردار ہو اور میڈیا کو جمہوریت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے دے۔ اے پی این ایس نے وزیراعظم عمران خان سے اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
تازہ ترین